
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی محنت کشوں کی ترقی سے وابستہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان آمد پر اپنے حلقے میں مصروف دن گزارا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کو مزدور اور دیہاڑی دارطبقے کے مسائل کا ادراک ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کے لئے دلی طور پر فکر رکھتے ہیں اور ایسے طبقات کی زندگی میں تبدیلی لانا وزیراعظم کا مشن ہے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کا احساس پروگرام محنت کشوں کے لئے ان کی پالیسیوں کی عکاسی ہے اور عمران خان حقیقی معنوں میں غریبوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وباء نے دنیا کی مضبوط اور طاقتور معیشتوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے لئے ان مضمرات کا مقابلہ کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس صورتحال میں اپنی خصوصی توجہ جغرافیائی معاشی ترجیحات پر مرکوز کی ہوئی ہے جبکہ کورونا چیلنجز سے نمنٹنے کے لئے ہمارا فوکس معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے اقتصادی تعاون کا فروغ اور علاقائی روابط میں اضافہ کرنا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ دنیا بھر میں موجود سفارت خانوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ پاکستان میں زراعت، فوڈ سکیورٹی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت سمیت مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ،ضرورت ہے کہ دنیا کو ان مواقع سے متعارف کروایا جائے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے لئے دوحا میں مذاکرات جاری ہیں جبکہ پاکستان افغان امن سمیت خطے میں امن و استحکام کے لئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ایک خطے کا نہیں بلکہ ایک عالمی مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے کشمیر کے مسئلہ کو ہر عالمی فورم پر بلند کیا ہے اور مستقبل میں بھی کرتا رہے گا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے ،مظلوم کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج کے استبداد سے نجات دلانے کے لئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال پریشان کن ہے اوراس وقت پوری قوم کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے جبکہ ویکسینیشن کا عمل پورے ملک میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وباء کے مزید پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے پوری قوم کو احتیاطی تدابیر لازماً اختیار کرنا ہوں گی۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہوگا ،حکومت کی خواہش ہے کہ عوام کو کورونا سے نجات دلائی جائے اور ملکی معیشت کا پہیہ بھی چلتا رہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ قوم کے تعاون سے ہم اس چیلنج سے کامیابی سے نبردآزما ہو سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News