پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ پانی کی شدید قلت کے باوجود بلوچستان کو اس کے حصے کا پانی فراہم کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ تین چھوٹے صوبوں کے اعتراض کے باوجود ٹی پی لنک کینال کو کھولنا ایک اشتعال انگیز عمل ہے، ٹی پی لنک کینال کھولنے کی وجہ سے کراچی، بدین، ٹھٹہ اور تھر سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی پی لنک کھولنے کی وجہ سے سندھ کے بیراجوں پر 42.28 فیصد پانی کی کمی ہوچکی ہے اور سندھ گڈو بیراج پر 7 ہزار 400 کیوسک پانی کے بجائے کم پانی وصول کر رہا ہے جبکہ سندھ پانی کی شدید قلت کے باوجود بلوچستان کو اس کے حصے کا پانی فراہم کر رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ پانی کی ترسیل کی نگرانی کے ادارے ارسا نے تین صوبوں کے ووٹ کو نظر انداز کر کے ٹی پی لنک کینال کو کھول دیا ہے جبکہ سندھ، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان نے ارسا کے 24 مئی کے اجلاس میں ٹی پی لنک کینال کھولنے کے خلاف ووٹ دیا تھا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ارسا سندھ کے رکن زاہد جونیجو کو چیئرمین راؤ ارشاد نے تین صوبوں کی مخالفت کے باوجود ٹی پی لنک کینال کھولنے کے سوال پر نامناسب سلوک کا نشانہ بنایا تھا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ٹی پی لنک کینال کو چار مئی کو کھولا گیا مگر سندھ کے احتجاج کے باعث فوراً بند کر دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News