وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کی تکمیل سے عوام کے بنیادی مسائل حل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ڈپٹی کمشنر آفس بھکر میں ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور پی ٹی آئی عہدیداروں کی ملاقات ہوئی جس میں ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے بھکر ڈویلپمنٹ پیکیج دینے پر عثمان بزدار سے تشکر کا اظہار کیا۔
ملاقات میں ایم این اے ثناء اللہ مستی خیل نے کہا کہ عثمان بز دار دھرتی کے بیٹے ہیں ، تھل یونیورسٹی کا تحفہ دے کر آپ نے ہمارے دل جیت لئے۔
ایم این اے ثناء اللہ مستی خیل نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حقیقی معنوں میں دھرتی کا حق ادا کیا ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔
ایم این اے محمد افضل خان نے کہا کہ ترقی کے سفر کی خوشبو آج تھل تک پہنچ چکی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہر ضلع کو اس کا پورا پورا حق دیا ہے، ہمیں فخر ہے کہ عثمان بزدار وزیراعلیٰ ہیں۔
سعید اکبر نوانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا ڈویلپمنٹ پیکیج ترقی کا ویژن ہے، ڈویلپمنٹ پیکیج عوام کی ترقی و خوشحالی کا جامع روڈ میپ ہے۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھکر میں کارڈیک سینٹر بنانے کا اعلان کیا اور عوامی نمائندو ں کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع کو یکساں ترقی کے ویژن کے تحت ڈویلپمنٹ پراجیکٹ دے رہے ہیں، ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج میں عوامی نمائندگان کی تجاویز کو اہمیت دی جا رہی ہے جبکہ ہر ضلع میں یونیورسٹی کے قیام کے پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزید کہا کہ ماضی میں شوبازی ہوئی، اب عوامی مسائل کے حل پر توجہ دی جا رہی ہے جبکہ شہر اور قصبات کو یکساں طو رپر ترقی کی راہ پر لا رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کی تکمیل سے عوام کے بنیادی مسائل حل ہوں گے۔
ملاقات کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی ثناء اللہ خان مستی خیل، ڈاکٹر افضل خان، ارکان صوبائی اسمبلی امیر محمد خان، سعید اکبر خان نوانی، غضنفر عباس چھینہ، عامر عنایت خان شاہانی، پی ٹی آئی عہدیدار اور دیگر شامل تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
