
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی تمام بیماریوں کی جڑ ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں نیب کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی سے اقربا پروری،میرٹ کو نظرانداز کرنے ، شفافیت اور احتساب سمیت متنوع مسائل جنم لیتے ہیں۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کے اٹھائے گئے اقدامات کی وجہ سے بدعنوانی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز بن گیا ہے۔
جاوید اقبال نے یہ بھی کہا کہ نیب کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر پختہ یقین رکھتا ہے۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مزید کہا کہ سال 2020 کے دوران نیب کی انسداد بدعنوانی مہم وسیع پیمانے پر چلائی گئی، عالمی اقتصادی فورم اور ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل نے نیب کی آگاہی حکمت عملی کو سراہا ہے۔
واضح رہے اس سے قبل چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا تھا کہ نیب ملک اور قوم کی دولت لوٹنے والے بد عنوان عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پر عزم ہے۔
چیئرمین نیب نے کہا تھا کہ نیب کے پاس بد عنوان عناصر کے خلاف اربوں روپے کی منی لانڈرنگ،فیک بینک اکاؤنٹس، آمدن سے زائد اثاثے، اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے ذریعے قوم کے اربوں روپے لوٹنے والوں کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
جاوید اقبال نے مزید کہا تھا کہ ملکی ترقی میں تاجر برادری کا کردار انتہائی اہم ہے، نیب کے کسی اقدام سے تاجر برادری کیلئے مشکلات پیدا نہیں ہوئیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News