
پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ ایک ہی تھالی کے بینگن ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے بحریہ ٹاؤن میں ہنگامہ آرائی سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ بحریہ ٹاؤن میں قیامت کا منظر ہے اور سندھ حکومت منظر سے غائب ہے۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر نے کہا کہ جن افراد کا تمام تر معاملے میں مالی نقصان ہوا ہے سندھ حکومت اس کا ازالہ کرے۔
خرم شیر زمان نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت اور آئی جی امن قائم کرنے کے بجائے بل میں چھپنا زیادہ بہتر سمجھتے ہیں۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر کا کہنا تھا کہ بحریہ میں توڑ پھوڑ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، معاملے پر کیا گیا جلاؤ گھیراؤ دہشتگردی کے زمرے میں آتا ہے۔
خرم شیر زمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بحریہ ٹاؤن میں مظاہرین کے تحفظات و مسائل کا خاتمہ کرنا انتظامیہ اور سرکار کا کام ہے۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ مظاہرین کے مسائل کو سنا جائے اور اس کا حل نکالا جائے۔ جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی پر چیف جسٹس فوری سوموٹو لیں۔
خیال رہے کہ سندھ ایکشن کمیٹی نے ہی سپر ہائی وے پر واقع بحریہ ٹاؤن کے مرکزی دروازے پر دھرنے کا اعلان کیا تھا جس میں دیگر سیاسی جماعتوں اور علاقائی تنظیموں نے شرکت کی حامی بھری تھی۔
بحریہ ٹاؤن کے سامنے ہونے والے اس احتجاج میں ہنگامہ آرائی کے دوران نامعلوم افراد نے مرکزی دروازے کے باہر اور اندر واقع تعمیرات کے علاوہ چند موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی جبکہ پولیس نے لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے شدید شیلنگ کی ۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News