کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافے کے پیش نظر سندھ میں پرائمری اسکول بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں 7 فیصد اور کراچی میں 14 فیصد تک اضافے کے پیش نظر صوبے میں پرائمری اسکول بند کرنے کی سفارش کی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ صرف کراچی میں ہی کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں اضافہ ہوا ہے، فی الحال ہفتے میں کاروبار ایک دن بند کرنے کے بجائے دو دن کے لیے بند کیا جائے۔
یہ تجویز سندھ کے چیف سکریٹری ممتاز علی شاہ کی زیرصدارت ہونے والے کورونا وائرس کے اجلاس کے دوران پیش کی گئی۔
[amazonad category=”Mobile”]
اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں اب تک کورونا ویکسین کی 35 لاکھ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں، یہ ویکسین 347 موبائل ٹیموں کے ذریعے 647 مراکز پر لگائی جارہی ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ اگر ایس او پیز کی خلاف ورزی کا عمل جاری رہا تو صوبائی حکومت کو شادی ہالز، ریسٹورانٹس اور مویشی منڈیوں کو سیل کرنا پڑے گا۔
اجلاس میں چیف سکریٹری سندھ نے تجویز پیش کی کہ ان علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے جہاں کورونا وائرس پھیلنے کا تناسب زیادہ ہے۔
چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اپنے ویکسینیشن اہداف کا حصول یقینی بنائیں اور کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام اقدامات کریں۔
انہوں نے موبائل ویکسینیشن ٹیموں کی تعداد میں اضافے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو صوبے میں ویکسینیشن کا ہدف مکمل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
اجلاس میں سندھ کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد میمن نے کہا کہ جن لوگوں کو ویکسین لگائی گئی ہے صرف انہیں سرجری کی سہولت حاصل کرنے کی اجازت ہو گی۔
ڈاکٹر ارشاد میمن نے یہ بھی کہا کہ تمام سرکاری اور نجی اداروں کے لیے لازم ہے کہ وہ کووڈ- 19 ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی چیک کریں۔
سندھ کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد میمن نے مزید کہا کہ سرکاری اور نجی دونوں ہسپتالوں میں طبی سہولیات کے لیے کووڈ۔19 ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی ہو گا جبکہ ملازمتوں کے ٹیسٹ اور انٹرویو کے لیے امیدواروں کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی دکھانا ہوگا۔
اجلاس میں محکمہ داخلہ سندھ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری، سیکریٹری صحت اور تمام ڈویژنل اور ڈپٹی کمشنرز نے بھی شرکت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
