
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا کہ 15 جولائی تک الیکٹرک ووٹنگ کا نظام تیار کر لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس میں کہا کہ کابینہ کو الیکٹرک ووٹنگ مشین پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بلوچستان میں ناراض عناصر سے بات چیت پر کام شروع ہو گیا ہے، ان عناصر سے بات چیت ہوگی جو بھارت سے رابطے میں نہیں ہیں، وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز گوادر میں ناراض بلوچ عناصر سے بات چیت کا عندیہ دیا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ اسکردو اور گلگت کے ایئرپورٹس کو وسعت دے رہے ہیں، دونوں ایئرپورٹس کی وسعت کا مقصد انہیں سال کے بارہ مہینے کھلے رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں سرکاری ملازمتوں کیلئے شفاف ٹیسٹنگ کے نظام پر بھی بات ہوئی، شفاف ٹیسٹنگ نظام وضع کرنے کیلئے کابینہ نے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے سرکاری اکابرین کے غیر ضروری پروٹوکول کا نوٹس لیا ہے، تمام سرکاری اکابرین غیر ضروری پرٹوکول سے مکمل اجتناب کریں گے، سول ایوی ایشن کو ریگولیٹری اتھارٹی بنا دیا گیا ہے، ایئر پورٹس پر خدمات کی فراہمی کا معاملہ سول ایوی ایشن سے الگ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اسد عمر نے وفاقی کابینہ کو کورونا وبا کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں اقتصادی رابطہ اور کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے، جلد پاکستانی عوام کو چھوٹی گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی خوشخبری دیں گے، دس سال میں پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی بجائے سرپلس میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر اپنی مکمل استعداد کے مطابق کام کررہا ہے، غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائرمستحکم ہو چکے ہیں، بنک نجی شعبے کو ریکارڈ قرض فراہم کررہے ہیں جس سے نئی صنعتیں قائم ہوں گی، ٹیکس محصولات 4.7 کھرب روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 7 سے 8 امیدوار ہیں، انتخابات میں شفافیت کیلئے اپوزیشن کو اصلاحاتی ایجنڈے پرکئی بار مزاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News