
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ صحافت ریاست کا چوتھا اور اہم ترین ستون ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے جموں و کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں کشمیر جرنلسٹس فورم کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کی مشکلات سے واقف ہوں، عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے کوئی کسر روا نہیں رکھیں گے۔ مسئلہ کشمیر، ریاستی تشخص اور مملکت پاکستان کے وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دونگا۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کا کہنا تھا کہ صحافت ریاست کا چوتھا اور اہم ترین ستون ہے ، صحافتی شعبہ کی ترقی کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔
سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے لیکن افسوس کہ اسے اقتدار کا ریس کیمپ بنا دیا گیا، عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد خطے میں گڈ گورننس اور تحریک آزادی کو فروغ دے کر آر پار پیغام دینگے کہ مظفرآباد حقیقی معنوں میں تحریک کا بیس کیمپ ہے۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دور حکومت میں راجہ فاروق حیدر خان نے این ٹی ایس کا اچھا اقدام اٹھایا لیکن سابق وزیراعظم جاتے جاتے ساڑھے چار ہزار لوگوں کو مستقل کر کے اپنے اچھے اقدام پر پانی پھیر گئے، جعلی بھرتیوں سمیت سابق دور کی بہت ساری خرابیاں ورثے میں ملی ہیں جنھیں درست کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔
وفد کی قیادت فورم کے صدر زاہد اکبر عباسی کر رہے تھے جبکہ وفد میں فورم کے سیکرٹری جنرل سردار عقیل انجم، سیکرٹری فنانس راجہ ماجد افسر، جوائنٹ سیکرٹری عابد ہاشمی، چیف آرگنائزر اعجاز خان، سیکرٹری اطلاعات اقبال اعوان، ممبر گورننگ باڈی راجہ خالد شامل تھے۔
قبل ازیں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سے حلقہ غربی باغ دھیرکوٹ کے وفد نے ملاقات کی جس میں حلقہ کے مسائل زیر بحث رہے۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ میڈیا ہماری رہنمائی کرے اور درست سمت نشاندہی کرے ہم ہر مثبت تنقید اور مشورے کا احترام کرینگے۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ خطے کو رول ماڈل بنانے کیلئے کوشاں ہوں جبکہ صدر ریاست بیرسٹر سلطان مسئلہ کشمیر اجاگر کر کے تحریک آزادی کشمیر کے مشن پر گامزن ہیں۔ صدر،وزیراعظم سمیت حکومت و ریاست کے تمام شعبے متحد ہیں اور ہم سب ملکر وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ گڈ گورننس اور تحریک آزادی کے بعد خطے کی تعمیر و ترقی ترجیح ہے۔ آزاد کشمیر میں انفراسٹرکچر کی بہتری لا کر سیاحت کو فروغ دینگے، خطے کی تمام شاہرات بہتر کرینگے۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر عبدالقیوم نیازی نے مزید کہا کہ میرا تعلق کنٹرول لائن کے حلقہ سے ایل او سی پر آباد لوگوں کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہوں، کنٹرول لائن سے ملحقہ تمام حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News