 
                                                                              وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا کہنا ہے کہ انتہا پسند رویے معاشرے میں بگاڑ پیدا کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلام امن کا دین ہے اور کوئی معاشرہ پرتشدد رویوں کی اجازت نہیں دیتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے مزید کہا ہے کہ انتہا پسند رویے معاشرے میں بگاڑ پیدا کرتے ہیں، حکومت صوبے میں امن عامہ برقراررکھنے کی ذمہ داری بطریق احسن نبھائے گی۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت نے قیدیوں کے ساتھ جیل ملازمین کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی پیکیج دیا ہے، تنخواہوں و الاؤنسز کے ساتھ جیل ملازمین کو ایک اضافی بنیادی تنخواہ کے برابر پریزن سکیورٹی الاؤنس دیا جائے گا اور اس پیکیج پر تقریباً2 ارب 77 کروڑروپے خرچ ہوں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ جیل وارڈن، ہیڈ وارڈن اور چیف وارڈن کی پوسٹوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی ہے جبکہ ان پوسٹوں کی اپ گریڈیشن پر 9 کروڑ 24 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ جیل خانہ جات کو 21 آپریشنل گاڑیاں دی جا رہی ہیں جس پر 10 کروڑ 64 لاکھ روپے صرف ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پولیس شہداء پیکیج کی طرز پر جیل شہداء کے مروجہ پیکیج میں اضافہ کیا ہے جبکہ پنجاب پریزن سروس کے شہداء کے بچوں کو بھی سرکاری ملازمت دی جائے گی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب پریزن فاؤنڈیشن کے اشتراک سے جیل ملازمین کے بچوں کو اسکالرشپ، جہیز فنڈ اور میڈیکل الاؤنس بھی دیا جائے گا اور ہر جیل کو 2، 2 جیل وین دی جائیں گی، 72 وین کی فراہمی پر 91 کروڑ 40 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 