معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ نااہلوں کو نہ عوام سے مطلب ہے نہ مہنگائی سے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب جیسے درباریوں کو معیشت کی الف ب نہیں پتہ ، خوشامد اور چاپلوس درباریوں کا معیشت پر پروپیگنڈا روز کا ناٹک ہے۔
انہوں نے کہا کہ نااہلوں کی ایک ہی منشاء ہے کہ ان سے کرپشن کا سوال نہ پوچھا جائے ، عوام کے نام پر پٹی ہوئی سیاست چمکانے کی کوششیں ناکام ہونگی ، ڈالر مصنوعی طور پر 100 پر رکھ کر معیشت کو تباہ کیا گیا ، تحریک انصاف حکومت نے نااہلوں کی تباہ حال معیشت کو درست سمت دی۔
معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ تحریک انصاف نے ڈوبتی معیشت کو سنبھالنے کے ساتھ کورونا وباء کا بھی مقابلہ کیا ، کورونا نے پوری دنیا میں تباہی مچائی ، اموات کے ساتھ معیشتیں بھی ڈوبیں ، 30 سال ملک لوٹنے والوں کو عوام کی بات کرنا زیب نہیں دیتا۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے جاری کردہ اپنے بیان میں حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ عمران صاحب تین سال میں ملک کا حال کیا سے کیا کر دیا،ڈالر کی قیمت173، مہنگائی کی قیامت اور معیشت کی تباہی ،عمران صاحب آپ سے ملک نہیں چل سکتا، استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ اس ملک کی بنیادیں نہ ہلائیں، استعفیٰ دیں ، آئی ایم ایف کے حوالے عوام اور ملک کو کر دیا، ملکی ترقی کی شرح 5.8 فیصد سے منفی میں پہنچا دی، شرم کریں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہا تھا کہ بجلی کی قیمت11 روپے سے 24 روپے یونٹ کر دی،گیس کی قیمت 600 سے 1400 پر پہنچا دی ،عمران صاحب آپ نے آٹا 35 سے 80، چینی 53 سے 120 پر پہنچا دی، نواز شریف کے دور حکومت میں عوام کو چینی 55 روپےملتی تھی۔
مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ عمران صاحب آپ کے دور میں گھی 142 اور خوردنی تیل 340 ہوگیا، پٹرول 70 سے 138، ڈیزل 75 سے 135 پر پہنچا دیا، دوائی کی قیمت میں 300 فیصد ظالمانہ اضافہ کیا،چائے کی قیمت 10 سے 25 کردی، نان کی قیمت 8 سے 25 ہوگئی، یہ کیا غریبوں کا احساس؟
ان کا کہنا تھا کہ تین سال میں عمران صاحب نے جھوٹ پہ جھوٹ بولا، قوم کو دھوکے پر دھوکہ دیا، ملک اور عوام کے ساتھ کیا کر دیا ہے عمران صاحب ، تین سال میں عوام کو لوٹا اور صرف اور صرف جھوٹ بولا،ملک کی فارن پالیسی کا جنازہ نکال دیا،ملک کی خارجہ اور معاشی پالیسی کا جنازہ نکال دیا،ملک کے قومی اداروں کو متنازعہ اور اُن کا تماشہ بنا دیا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا تھا کہ تین سال میں ملک کو تاریخی مقروض کر دیا ہے، تین سال میں روزگار کا جنازہ نکال دیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
