وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حقیقی تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اراکین پنجاب اسمبلی کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم نے جو وعدہ کیا وہ نبھایا ہے، حلقو ں میں ترقیاتی کام منتخب نمائندوں کی مشاورت سے ہوں گے ۔
عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ شکست خوردہ عناصر پہلے دن سے ہی سازشیں کر رہے ہیں، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوامی خدمت کی سیاست سے ہر سازش ناکام ہوئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ الزامات کی سیاست کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں، پنجاب میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہ کی ہے نہ ہوگی۔
عثمان بزدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب حقیقی تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے، پنجاب کا مینارٹی ایمپاورمنٹ پیکیج دوسرے صوبوں کیلئے قابل تقلید اقدام ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ گردواروں،مندروں اورگرجا گھروں کی تعمیرو مرمت کیلئے فنڈز مختص کر دیئے ہیں۔ اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات پر ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
عثمان بزدارسے ملاقات کرنے والوں میں غزین عباسی، اویس دریشک، مہندر پال سنگھ، سید عباس علی شاہ، ثانیہ کامران اور ٹکٹ ہولڈرعبداللہ طاہر شامل تھے۔
واضح رہے اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے معروف صنعت کار ایوان صنعت و تجارت ملتان کے سابق صدر اور ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ جلال الدین رومی کی ملاقات ہوئی تھی۔
ملاقات میں جنوبی پنجاب میں صنعت وتجارت کے فروغ، لنگر خانوں کا قیام اور دیگر فلاحی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
خواجہ جلال الدین رومی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو سولر پاور واٹر فلٹریشن پلانٹس پراجیکٹس پر پیش رفت سے آگاہ کیا تھا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے صنعتکاروں کو کاروبار کے لئے مراعات اور مواقع فراہم کریں گے، مظفرگڑھ انڈسٹریل اسٹیٹ کو اسپیشل اکنامک زون کا درجہ دیا جائے گا۔
عثمان بزدار نے مزید کہا تھا کہ جنوبی پنجاب بالخصوص ڈیرہ غازی خان اور ملتان کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔
اس موقع پر خواجہ جلال الدین رومی نے کہا تھا کہ جلال الدین رومی فاؤنڈیشن ملتان میں عرصہ دراز سے بند 11 فلٹریشن پلانٹس کے انتظامات بھی کرے گی، ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے اسپتالو ں میں مفت ادویات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔
ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ جلال الدین رومی کا مزید کہنا تھا کہ صنعت و تجارت کے فروغ کے لئے بزدار حکومت کے اقدامات قابل تحسین ہیں، وزیراعلیٰ عثمان بزدار حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
