
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سندھ کو تباہ و برباد کرنے والی پیپلز پارٹی ہے۔
چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی آج عمران خان کی ناقص کارکردگی کے پیچھے اپنی بدترین کرپشن اور نااہلی چھپانے کے لیے مظاہرے کررہی ہے، سندھ کو تباہ و برباد کرنے والی کرپٹ اور تعصب زدہ پیپلز پارٹی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا قصور یہ ہے کہ کراچی سے جیتنے کے باوجود انہوں نے اپنے اقتدار کو برقرار رکھنے کی خاطر پاکستان کی معاشی انجن کراچی کو پیپلز پارٹی کے ظلم اور تعصب سے نہیں بچایا، ظالم اور نااہل حکمران اختیارات اور ملکی وسائل کو ذاتی جاگیر سمجھ کر اس پر قابض ہیں، اس نظام کے تحت ملک مزید کام نہیں کرسکتا۔
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پی ایس پی آئین میں 2 اہم ترامیم کروائی گئی ہے جس سے پاکستانی عوام کے 90 فیصد مسائل حل ہو جائیں گے، پہلا مقامی حکومتوں کے محکمے، اختیارات آئین میں لکھے جائیں، دوسرا نیشنل فنانس کمیشن کی طرز پر پی ایف سی ایوارڈ کو آئین کا حصہ بنائیں گے، عوام نے موقع دیا تو ہم سب ٹھیک کر دیں گے کیونکہ ہمیں کام کرنے اور کروانے کا تجربہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تبدیلی نہیں بلکہ تباہی آئی ہے، غریب و متوسط طبقے کو ایک وقت کے کھانے کے لالے پڑ گئے ہیں، دال خریدنے تک کے اب پیسے نہیں رہے، دن میں گیس نہیں رات میں بجلی نہیں، قوم کو اب نعرے نہیں، مسائل کا حل صرف پاک سر زمین پارٹی کے پاس ہے، گزشتہ پانچ سال کے دوران پی ایس پی نے ثابت کیا کہ کراچی کے نوجوانوں کا رائے کے آلہِ کار نہیں اور جب انہیں پر امن طرز زندگی گزارنے کا موقع دیا گیا تو انہوں نے پلٹ کر کسی کو پتھر نہیں مارا۔
چیئرمین سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ریاست ماں جیسی ہے تو ملک کے وسیع ترین مفاد میں امن کی جانب ہاتھ بڑھانے والوں کے ساتھ یکساں سلوک کرے، جب فوجیوں کے کٹے سروں سے فٹبال کھیلنے اور اے پی ایس پشاور جیسے دلدوز سانحات میں ملوث لوگوں کو معافی مل سکتی ہے تو پھر ایک بار کراچی اور بلوچستان کے نوجوانوں کو معاف کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کروائے، ہم نے کل بھی نوجوان کی گارنٹی لی تھی، آج بھی گارنٹی لیتے ہیں کہ معاف کیا گیا کوئی شخص ریاست کے خلاف کھڑا نہیں ہوگا، لاپتہ افراد اور اسیر افراد کے بوڑھے ماں باپ، بھائی بہن، بیویاں اور اولادیں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، دیگر قومیتوں کی طرح مہاجروں اور بلوچوں کے زخموں پر بھی مرہم رکھنے کی ضرورت ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ایس پی نے پاکستان کی معاشی شہ رگ میں لسانی، مذہبی اور فرقہ بندی کی فالٹ لائنز پر کام کیا اور قیمتی جانوں کی قربانی دے کر قوم کو متحد کرکہ پاکستان کی معاشی انجن سے راء کی سرمایہ کاری تباہ و برباد کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی کی ترقی کے لیے جیسے رات دن کام کیا ہے ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے اس سے زیادہ محنت سے کام کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔
چیئرمین سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ قوم نے تمام تجربات کر کہ دیکھ لیا، اب ان کے پاس پی ایس پی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں۔
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پاک سر زمین پارٹی پاکستان کے تمام مسائل کا حل پیش کر رہی ہے، عوام ساتھ دے ہم سب ٹھیک کر دیں گے کیونکہ صرف ہمارے پاس ہی پاکستان کے مسائل کے حل کا بلیو پرنٹ ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News