
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال کا فلسفہ خودی پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔
انہوں نے علامہ محمد اقبالؒ کے 144واں یوم پیدائش پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو خود انحصاری اور خود اعتمادی کا انمول درس دیا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اقبال کے فلسفہ خودی نے مسلمانوں میں جذبہ حمیّت اور آزادی پیدا کیا، علامہ اقبال کی تعلیمات ہی تصور پاکستان کی بنیاد بنیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے یوم پیدائش پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اقبالؒ نے شاعری اور افکار کے ذریعے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اقبالؒ نے شاہین کو استعارہ بناکر نوجوانوں کو خود ی کا پیغام دیا، یہ مسلمانوں کے اتحاد اور یکجہتی کے بہت بڑے داعی تھے۔ انہوں نےعلاقائی حدود و قیود سے ماورا ہو کر انسانیت کو مخاطب بنایا اور علیحدہ وطن کا نظریہ پیش کر کے مسلمان قوم پر احسان کیا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ مفکر پاکستان علامہ اقبالؒ کے افکار پر عمل پیرا ہونے سے ہی پاکستان ایک اعتدال پسند اور فلاحی ریاست بنے گا، ان کی کی شاعری اور افکار پر عمل کرنا ہی ان کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان کا وژن اقبالؒ کے افکار اور فلسفے کے عین مطابق ہے۔ اقبالؒ کے پاکستان کو وزیر اعظم عمران خان حقیقی شکل دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ عدل و انصاف، جذبہ ایمانی، خودداری اور انسان دوستی کو مسلمانوں کی ترقی کا ضامن سمجھتے تھے، ان کے تصور پاکستان کو سمجھنے کی آج اشد ضرورت ہے، آج کے دن ہمیں بحیثیت قوم علامہ اقبالؒ کے افکار کو مشعل راہ بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بھی محمد اقبالؒ کے 144واں یوم پیدائش پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے ایک عظیم رہنما تھے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگا کر ان میں جداگانہ قومیت کا احساس پیدا کیا، آپ کے افکار نے برصغیر کے مسلمانوں میں امید کا وہ چراغ روشن کیا جس نے نہ صرف منزل بلکہ راستے کی بھی نشاندہی کی۔
محمود خان کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں بلکہ پوری امت مسلمہ کے ایک عظیم رہنما تھے، آپ نے رنگ و نسل کے امتیاز کی حوصلہ شکنی کی اور مسلمانوں میں اتحاد اور یگانگت کا درس دیا، امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے ہمیں اقبال کے پیغامات پر کاربند ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے علامہ اقبال کے سوچ وفکر کی پیروی کریں، موجودہ حکومت علامہ اقبال کے وژن کے مطابق پاکستان کو ایک عظیم اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے کوشاں ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News