اسلم اقبال
میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث صوبے میں صنعتکاری کا عمل تیز ہوا ہے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے پاکستان تحریک انصاف ٹریڈرز ونگ کے مرکزی صدر حاجی طاہر نوید کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی جس میں تاجروں اور قصور کی پاور لومز کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔
پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات کے دوران وفد نے قصور میں انڈسٹریل اسٹیٹ، لیبر کی تربیت کے لئے ٹیکنیکل کالج اور ٹیکنیکل لیب کے قیام کا مطالبہ کیا۔
ملاقات میں صوبائی وزیر صنعت نے وفد کو جائز مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔
میاں اسلم اقبال نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے ہر ضلع میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی منصوبہ بندی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قصور میں ٹینریز زون کے قیام کے لئے بھی جامع پلان بنایا جارہا ہے، قصور میں انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کے لئے پہلی ترجیح سرکاری اراضی ہوگی۔
صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل کا حل اور انہیں سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، صنعتی پھیلاؤ سے ہی معاشی ترقی کی رفتار تیز کی جاسکتی ہے، حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کے باعث صوبے میں صنعتکاری کا عمل تیز ہوا ہے۔
واضح رہے کہ وفد میں قصور پاور لومز ایسوسی ایشن کے صدر ارشد گجر، سیکرٹری حاجی انصار، سید عدنان جمیل، محمد صدیق اور دیگر شامل تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News