
سابق صدر مملکت و پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہمیں اس سوچ کو شکست دینا ہوگی جو جمہوریت سے نفرت کرتی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے 54 ویں یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارتی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو نے ملک میں پارلیمانی نظام کے لیے جدوجہد کی اور ملک کو پارلیمانی نظام دیا، پاکستان پیپلز پارٹی اپنے بانی کے فلسفے اور منشور پر ثابت قدم ہے کہ اسلام ہمارا دین ،سوشلزم ہماری معیشت ، جمہوریت ہماری سیاست اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی 54 سال سے یہی جدوجہد کرتی رہی ہے۔
سابق صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں کو ملک، آئین اور جمہوریت اس لیئے سب سے عزیز ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اس ملک کی دوبارہ تعمیر کی ، ملک کو آئین دیا اور عوام کو جمہوری حقوق دیے، ملک اور جمہوریت کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی کی قربانیاں ایسی حقیقت ہے جس سے کوئی انکار کر ہی نہیں سکتا، ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے آئین اور جمہوریت کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم پارلیمانی نظام کا مکمل دفاع کرتے رہیں گے، بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق حاکمیت پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے، ہمیں اس سوچ کو شکست دینا ہوگی جو جمہوریت سے نفرت کرتی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی عوام کی طاقت اور ووٹ سے آئی ہے، ہماری ترجیح صرف عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے پر مبذول رہی ہے، اٹھارویں آئینی ترمیم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل ہے، پاکستان پیپلزپارٹی سمیت تمام جمہوریت پسندوں کا فرض ہے کہ وہ 18ویں آئینی ترمیم آئینی ترمیم کی حفاظت کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News