
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ گندم کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولت دیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کھاد کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری زراعت اور انتظامی افسران کھاد کی قیمتوں میں استحکام کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کاشتکاروں کے حقوق کا پہلے بھی تحفظ کیا ہے اور آئندہ بھی کرے گی۔
عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ کھاد کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے ضروری انتظامی اقدامات کئے ہیں، کسی کو کاشتکاروں کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ کھاد خصوصاً ڈی اے پی کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کسی صورت قبول نہیں، گند م کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولت دیں گے۔
دوسری جانب عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا بھی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ 6.6 ملین میٹرک ٹن سرکاری گندم کا سٹاک دستیاب ہے،2021 میں ربیع کی فصل کے لیے کھاد کا وافر ذخیرہ دستیاب ہو جائے گا۔
بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کو مزید بتایا گیا کہ دونوں اسٹاک ملک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں، سندھ میں قائم کھاد کمپنیوں نے ملک کے دیگر علاقوں کے ڈیلرز کے مقابلے سندھ میں کچھ ڈیلرز کو غیر معمولی طور پر زیادہ ذخیرہ فراہم کیا ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار کسان دوست پالیسیاں متعارف کرائی ہیں، کسانوں کی ضرورت کے مطابق دیگر علاقوں کو کھاد فراہم کی جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مافیا صارفین کے مفاد کا خیال رکھنے کے بجائے منافع خوری میں مصروف ہیں، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت انتظامی اور قانونی کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اشیائے ضروریہ کی کوئی کمی نہیں، ان کھاد تیار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو کچھ ڈیلرز کے ساتھ مل کر قیمتوں میں اضافے کے لیے مصنوعی قلت پیدا کرنے کے لیے مافیا کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کھاد کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن اور انسداد منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی مخالف قوانین کے مطابق تعزیری کارروائی کی ہدایت دی۔
عمران خان نے کہا کہ چینی کے شعبے کے لیے متعارف کرائے گئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو کھاد کی صنعت کے لیے بھی استعمال کیا جائے تاکہ مصنوعی قلت اور قیمتوں میں ہیرا پھیری کی حوصلہ شکنی کی جا سکے
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News