حکومت نے دسمبر کے پہلے پندرہ روز عوام کو ریلیف نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے سے متعلق وزارت خزانہ کے نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت 145 روپے 82 پیسے برقرار رکھی جائے گی۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 142 روپے 62 پیسے اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 116 روپے 53 پیسے پر برقرار رہے گی۔
یہ بھی دیکھیں: پیٹرول مہنگا، عوام گاڑیاں پیچنے پر مجبور
وزارت خزانہ کے مطابق لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 114 روپے 7 پیسے رہے گی۔

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن
دوسری جانب حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرائط پر عملدرآمد کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں چار روپے فی لیٹر اضافہ کردیا۔
پیٹرول پر پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی شرح 9.62 روپے سے بڑھا کر 13.62 روپے فی لیٹر کردی گئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پی ڈی ایل کی شرح 9.14 روپے سے بڑھا کر 13.14 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے نئے جنوبی افریقی ویرئینٹ اومیکرون کے خدشات کی وجہ سے گزشتہ چند دنوں میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گرگئی تھیں۔
تاہم کاروباری ہفتے کے آغاز پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ دیکھنے کو ملا تھا۔
قبل ازیں، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے بھی ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔
دسمبر کے لیے جاری ایل پی جی کی قیمت میں کمی کے نوٹیفکیشن میں فی کلو قیمت 14 روپے 31 پیسے کم کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 202 روپے 89 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 168 روپے 90 پیسے سستا ہوکر 2390 روپے 44 پیسے کا ہوگیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News