
سوڈان کی ریاست شمالی دارفر میں مسلح افراد کے ایک جتھے نے 1700 ٹن اشیائے خوردو نوش لوٹ لیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سوڈان کی ریاست شمالی دارفر میں مسلح جتھے نے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ایک گودام پر دھاوا بول دیا۔
مسلح جتھہ اپنے ساتھ وہاں قحط زدہ لوگوں کے لئے رکھی گئی خوراک لوٹ کر فرار ہوگیا۔
واقعے کے بعد دارفر میں رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔
دارفر کے گورنر منی مناوی نے بھی اس کارروائی کو ظلم اور بربریت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ورلڈ فوڈ پروگرام نے کہا ہے کہ گودام میں ایک ہزار 700 ٹن خوراک موجود تھی جو کہ قحط سے متاثرہ علاقے کے لوگوں کے لیے رکھی گئی تھی۔
اقوام متحدہ نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوٹی گئی خوراک علاقے کے 7 لاکھ 30 ہزار مستحق لوگوں کے لیے تھی۔
سوڈان میں اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کوآرڈینیٹر خاردیاتا لو ندیائے نے کہا کہ سوڈان میں ہر تین میں سے ایک شخص کو امداد کی ضرورت ہے، اس طرح کی کارروائی لاکھوں بھوکے انسانوں کی مدد کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
خاردیاتا لو ندیائے نے کہا کہ ہم سوڈان کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملک بھر میں انسانی ہمدردی کے تحت کئے جانے والے کاموں اور ان کے اثاثوں کی حفاظت کرے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گواتریس کے ترجمان کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لوٹی گئی اشیائے خورد و نوش 7 لاکھ 30 ہزار افراد کے لیے ایک مہینے کی خوراک تھی جو لوٹ لی گئی۔
انتونیو گواتریس نے کہا کہ سوڈان کی حکومت ملک میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنائے اور اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی ہمدردی کے کاموں کی سہولت کار بنے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News