
وزیر اعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ جن معاشروں میں انصاف نہ ہو وہاں جرائم پنپتے ہیں۔
عبد القدوس بزنجو سے ویڈیو اسکینڈل کے تناظر میں سول سوسائٹی کی قائم قومی اصلاحی کمیٹی نے ملاقات کی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو اسکینڈل میں ملوث ملزم کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچائیں گے، ملزم کو سزا دلوانے کے لئے ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو اسکینڈل انتہائی افسوسناک ہے جس نے معاشرے کو ہلا کر رکھ دیا ہے، ہماری دیرینہ روایات میں ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کو عزت احترام کا اعلیٰ مقام حاصل ہے، ویڈیو اسکینڈل نے ہماری روایات کو پامال کر دیا ہے، جن معاشروں میں انصاف نہ ہو وہاں جرائم پنپتے ہیں۔
عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ حکومت سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر معاشرے کی اصلاح کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے آئی جی پولیس سے فون کیس کی پیش رفت سے آگاہی حاصل کی اور ان کو کیس کی تفتیش تیز کرنے کی بھی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ پراسیکیوشن میں کسی قسم کی کمی نہ چھوڑی جائے جس کا فائدہ ملزم کو ملے۔
وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں سے مکمل تعاون کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سماجی برائیوں کے سد باب کے لئے معاشرے کے تمام افراد خاص طور سے والدین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وفد نے معاملے کی نزاکت کے حوالے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو کے فوری ردِ عمل پر اظہارِ اطمینان کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News