بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں واقع کھنڈوا کے اکیڈمک ہائٹس پبلک اسکول کو محکمہ تعلیم کی جانب سے ایک “ اظہارِ وجوہ” کا نوٹس موصول ہوا ہے، جس کی وجہ جان کر آپ بھی مسکرائے بنا نہیں رہ پائیں گے۔
اسکول انتظامیہ کی جانب سے چھٹی کلاس کے امتحانی پرچے میں جنرل نالج کے کرنٹ افئیرز سیکشن میں سوال دیا گیا کہ بولی وُڈ اداکاروں کرینہ کپور اور سیف علی خان کے بیٹے کا نام بتائیں۔
پرائیویٹ اسکول کی جانب سے مذکورہ سوال پوچھے جانے کے بعد اسکول کی پیرنٹس ایسوسی ایشن نے محکمہ اسکول ایجوکیشن میں شکایت درج کرائی۔
سیکشن کے دیگر سوالات میں “2019 میں آئی پی ایل کس ٹیم نے جیتا” اور “شمالی کوریا کے لیڈر کا نام بتائیں” بھی شامل تھے۔
والدین کی ایسوسی ایشن کے صدر، انیش جھارجھارے نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “اسکول انتظامیہ طلباء سے ایسے غیر سنجیدہ سوالات کیسے پوچھ سکتی ہے؟ طلباء سے تاریخی واقعات اور دیگر لیجنڈز کے بارے میں پوچھنے کے بجائے، انہوں نے بولی وڈ کے جوڑے کے بیٹے کا پورا نام پوچھا۔”
ذرائع ابلاغ کے مطابق بارہا کوششوں کے باوجود اسکول انتظامیہ نے اسکول کی ویب سائٹ پر دیے گئے نمبر پر کی گئی کالز کا جواب نہیں دیا۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سنجیو بھالیراو نے اس حوالے سے کہا، “ہم نے اسکول کو شو کاز نوٹس جاری کیا ہے۔ جواب کی بنیاد پر سکول کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ہم دوسری کلاسوں کے سوالیہ پرچے بھی چیک کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
