
شہبازشریف نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی شہادتیں انسانی حقوق کے اداروں کے لئے چیلنج ہیں۔
اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے اور ان کے اہلِ خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی بھارتی جرائم کی حوصلہ افزائی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019ء سے کشمیریوں کے قتلِ عام کی شدید لہر جاری ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں املاک و گھر گرائے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں بالخصوص مسلم کش اقدامات نے دنیا بھر میں بھارت کو انتہاء پسند اور عدم برداشت والا ملک بنا دیا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ کشمیریوں کی شہادتیں عالمی اور انسانی حقوق کے اداروں کے لیے چیلنج ہیں جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کی شہادتوں سے جنوبی ایشیاء اور دنیا کا امن خطرے میں ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعِ کشمیر حل کیا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News