
یاسر شاہ
عدالت نے 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس میں ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ کے دوست فرحان الدین کی ضمانت منظور کرلی۔
اسلام آباد کے سیشن کورٹ میں 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ کے دوست فرحان الدین کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
عدالت کی جانب سے 5 جنوری تک ایک لاکھ روپے کے عوض ملزم فرحان الدین کی ضمانت قبل از گرفتاری کی منظوری دی گئی جب کہ پولیس سے آئندہ سماعت تک جواب طلب کرلیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ ریکارڈ ساز قومی ٹیسٹ کرکٹر بڑی مشکل میں پھنس گئے
خیال رہے اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کے قریبی دوست فرحان کو 14 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کے مقدمہ میں نامزد کیا گیا ہے اور ایف آئی آر میں یاسر شاہ پر بھی مبینہ طور پر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ایف آئی آر میں خاتون نے الزام عائد کیا کہ یاسرشاہ کے دوست فرحان نے گن پوائنٹ پرزیادتی کا نشانہ بنایا اور اس دوران وہ ویڈیوز بھی بناتا رہا جب کہ اس نے مجھے متعدد بار ہراساں بھی کیا۔
لڑکی کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹر پر الزام عائد کیا گیا کہ یاسر شاہ نے اپنے دوست کی بھرپور معاونت کی اور وہ مجھے دھمکیاں بھی دیتا رہا کہ کسی کو بتایا تو ویڈیوز وائرل کردوں گا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے یاسر شاہ پر جنسی زیادتی کے الزام سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے طور پر معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں تاہم اس پر کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا جاسکتا۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے بھی اس واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے الزامات سے پاکستان کرکٹ کی بدنامی ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News