الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس سماعت کے لئے مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی تحقیقات کے معاملے سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس سماعت کیلئے مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس 4 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے ہیں، پی ٹی آئی اور درخواست گزار اکبر ایس بابر کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سماعت کے دوران اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ فریقین کے سامنے رکھے گا۔
خیال رہے کہ اسکروٹنی کمیٹی نے نومبر 2021 کے آخر میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ سے متعلق اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو جمع کرائی تھی۔
الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی نے سال 2018 میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔
تحقیقات کے لیے کی اسکروٹنی کمیٹی کے 80 سے زائد اجلاس ہوئے، کمیٹی کا آخری اجلاس 12 اگست 2021 کو ہوا تھا۔
پی ٹی آئی کے بانی رک اور درخواست گزار اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کی 2 ارب سے زائد فارن فنڈنگ کی نشاندہی کی تھی۔
تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے سیاسی فنڈنگ سے متعلق قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے خلاف 2014 سے درخواست دائر کر رکھی ہے۔
منحرف رہنما کی درخواست کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ سمیت الیکشن کیمشن میں متعدد درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔
اس حوالے سے اکبر ایس بابر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے اعتراضات اور درخواستیں کیس سے بھاگنے کیلئے تاخیری حربے ہیں۔
اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی سمجھتی ہے مجھے کیس سے الگ کرکے اپنے نتائج حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حقائق سامنے آگئے تو یہ پاکستان کی سیاسی تاریخ بدل کر رکھ دے گا، لوگوں کوپتہ چلے گا اس فنڈنگ کے پیچھے کون ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس کی کھلی سماعت کرنے کا چیلنج دیا تھا، جسے مسلم لیگ (ن) نے قبول کرلیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس کی کھلی سماعت اور براہ راست ٹی وی پر نشر کرنے پر بھی تیار ہیں، بے شک فارن فنڈنگ کیس ٹی وی پر براہ راست دکھا دیا جائے بلکہ پارٹی سربراہوں کو بٹھا کر کیس سنا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
