انتخابات
خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کی رپورٹ وزیراعظم سیکریٹریٹ کو موصول ہوگئی جس میں اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔
بول نیوز بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست کی اہم ترین وجہ سامنے لے آیا۔ تحریک انصاف کی صوبائی قیادت نے جنرل کونسلرز کو پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیے جس کے باعث 17 اضلاع میں ہونے والے انتخابات میں جنرل کونسلرز کے بیلٹ پیپرز پر بلے کا نشان غائب تھا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بھی اس اہم ترین وجہ سے وزیر اعظم کو آگاہ نہیں کیا۔ جنرل کونسلرز کی ہزاروں نشستوں پر پی ٹی آئی کا کوئی امیدوار نہیں تھا جب کہ سٹی میئر اور تحصیل چیئرمین کی نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدواروں کو اسی وجہ سے نقصان پہنچا۔
دوسری جانب وزیراعظم سیکریٹریٹ کو خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست اور پی ٹی آئی کی کارکردگی کی رپورٹ موصول ہوگئی ، وزیراعظم عمران خان نے رپورٹ خیبرپختونخوا حکومت کو بھجوا کر جواب طلب کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق گورنر، صوبائی وزراء، ایم پی ایز اور ایم این ایز کے رشتہ داروں اور حمایت یافتہ امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے گئے اور لکی مروت میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کو ٹکٹ جاری کرتے وقت نظر انداز کیا گیا، ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے سیف اللہ برادران کے چاروں امیدواروں کی حمایت کی، جو جیت گئے۔
یہ بھی پڑھیں؛ غلط امیدواروں کا انتخاب شکست کی وجہ بنی، وزیراعظم
رپورٹ میں کہا گیا کہ چارسدہ میں ایم این اے فضل محمد خان کے دو حمایت یافتہ امیدوار میدان میں تھے، دونوں ہارگئے، دونوں امیدوار جیت جاتے تو وہ ایم این اے کی مرضی کے مطابق کام کرتے جب کہ وزیر مملکت شہریار آفریدی کے حمایت یافتہ امیدوار سلمان خان کو ٹکٹ دیا گیا، وزیر تعلیم شہرام ترکئی کے قریبی رشتہ دار بلند اقبال کو بھی ٹکٹ دیا گیا اور وہ بھی نشست ہارگئے۔
وزیراعظم سیکریٹریٹ کو موصول رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے اہل امیدوار شفیع جان کو ٹکٹ نہیں دیا گیا، شفیع جان نے آزاد حیثیت الیکشن لڑا اور پی ٹی آئی امیدوار سے زیادہ ووٹ لئے، شفیع جان نے 26 ہزار 793 ووٹ اور پی ٹی آئی کے امیدوار سلمان خان شینواری نے 15 ہزار 219 ووٹ حاصل کئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گورنر شاہ فرمان کے حمایت یافتہ دو امیدواروں رضوان بنگش اور عبدالجبار کو ٹکٹ دیے گئے لیکن پی ٹی آئی کے امیدوار رضوان بنگش میئر پشاور کی اہم نشست اور عبدالجبار بڈھ بیر چیئرمین کی نشست ہارگئے جب کہ ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی محمود جان کے بھائی اہتشام خان کو بھی شکست ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں شکست تسلیم کرلی
خیال رہے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں بدترین شکست پر وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو اسلام آباد طلب کیا تھا۔
خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں جمیعت علمائے اسلام نے پشاور ، بنوں اور کوہاٹ کے میئر کی نشستیں جیت لیں تاہم صوبے پر حکومت کرنے والی جماعت پی ٹی آئی کے ہاتھوں ایک میئرکی نشست بھی نہ آئی۔
بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جے یو آئی نے واضح کامیابی حاصل کی جس میں اسے چیئرمین کی 17 اور میئر کی 3 نشستیں ملیں جب کہ پی ٹی آئی کے حصے میں ایک میئر شپ بھی نہیں آئی۔
واضح رہے وزیراعظم عمران خان سمیت متعدد وزرا یہ تسلیم کرچکے ہیں کہ غلط امیدواروں کا انتخاب پی ٹی آئی کی شکست کی وجہ بنی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
