بابائے قوم کے 146 ویں یومِ پیدائش پر صدرعارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری اور وزیراعلٰی کے پی کے محمود خان نے اپنے پیغامات میں قائدِ اعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
صدرِ مملکت کا بابائے قوم کو خراج عقیدت
صدرمملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پوری قوم محسن پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ قائد اعظم نےبرصغیرکےمسلمانوں کی آزادی، علیحدہ اور خود مختارریاست کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی۔
عارف علوی نے کہا کہ قائدِ اعظم نے اپنی صلاحیتوں، عزم اورغیرمعمولی کردارکی بدولت پاکستان کےخواب کو حقیقت میں بدلا۔ قائدِ اعظم کے پاکستان کوعظیم تربنانے کیلئے ہمیں اُن کے بتائے ہوئے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجزپرقابو پانے کیلئے ہمیں اتحاد، تنظیم اوریقین محکم کے زریں اصولوں کو اپنانا ہوگا۔ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے ہمیں نظم و ضبط، بھائی چارے اورلگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ پاکستان کی ترقی کیلئے معاشرے کے تمام طبقات، قومیتوں، اقلیتوں، ہرفرد کو مل کرکام کرنا ہوگا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کیلئے معاشرے کے نظر انداز کئے گئے طبقات کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔ْ آج کے دن ہم اِس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک عظیم اورمضبوط ملک بنائیں گے۔
عمران خان کا بابائے قوم کو خراجِ عقیدت
وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم اپنےعظیم رہنما قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش منا رہے ہیں، یہ ہماری نسل اور ہمارے بچوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ وہ ایک آزاد پاکستان میں پیدا ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قائداعظم کی جدوجہد کے بغیر ہمارا مقدر نہیں بن سکتا تھا۔ محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کی اہمیت کا احساس کیا۔ ایسا ملک جہاں تمام شہری عقیدے کی آزادی، پیشہ اور مساوی مواقعوں کا حق رکھتے ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ قائداعظم کا بڑے چیلنجوں اور مخالفتوں کے باوجود قوم کو متحد کرنے کا عزم ان کی ثابت قدمی سے ہی ممکن ہوا۔ مشکلات اور چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لیے انہوں نے اللہ تعالیٰ پر پختہ یقین اورنبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کےاصولوں سے رہنمائی حاصل کی۔
انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ جناح کی ایمانداری، محنت، استقامت اور ایک بڑے مقصد کے لیے لگن نے انہیں ہمارا عظیم لیڈر یعنی قائداعظم بنایا۔ ہمیں بحیثیت قوم قائد کے ترقی یافتہ، ترقی پسند اور روادار پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ان اوصاف کو اپنانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائد کے وژن کے مطابق ہماری حکومت کرپشن سے پاک معاشرے اورغریب اور پسماندہ شہریوں کی مدد کرنے والے نظام کے لیے کوشاں ہے۔ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اور ان پر قابو پانے کا واحد حل قائد کے اتحاد، ایمان اور نظم کے نظریات پرعمل پیرا ہونا ہے۔
عمران خان نےکہا کہ آج کا دن اسی جذبے سے اکٹھے ہونے کا دن ہے جس طرح ہمارے آباؤ اجداد تحریک آزادی کے دوران متحد ہوئے تھے۔ آئیے ہم ذات، مسلک اور عقیدے کی بنیاد پر اپنے اختلافات کو ختم کر کےمتحد ہو کر کام کریں۔
انھوں نے مذید کہا کہ میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے تصورکے مطابق روئے زمین کی مضبوط ترین قوم بننے کی طاقت اور اتحاد عطا فرمائے۔
فواد چوہدری کا بابائے قوم کو خراج عقیدت
وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح نے اپنی انتھک محنت اوربا اصول سیاسی جدوجہد سے ہمیں آزاد مملکت کا تحفہ دیا۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی صورت میں ایسی ریاست کی تشکیل ممکن بنائی جہاں رنگ و نسل، مذہبی، لسانی اور کسی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کو زندگی گذارنے اورترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔
انھوں نے کہا کہ قائداعظم محمدعلی جناح وزیراعظم عمران خان کے رول ماڈل ہیں، وزیراعظم عمران خان ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں معاشی اور ثقافتی اقدارمضبوط اوراقوام عالم میں اس کا مقام بلند ترہو۔ ہمیں فرقہ واریت اور شدت پسندی جیسے ملک دشمن عناصر سے چھٹکارا حاصل کرکے ایک متحد اور یکجا قوم کی حیثیت سے آگے بڑھنا ہوگا۔
وفاقی وزیراطلاعات نے مذید کہا کہ بابائے قوم کے یوم پیدائش پرہم اس عزم کا عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کوایک مثالی ملک بنائیں گے۔
محمود خان کا بابائے قوم کو خراج عقیدت
وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا محمود خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن ہمیں قیام پاکستان کے لئے قائداعظم محمد جناح کی انتھک کوششوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کے لئےعلیحدہ ریاست کے قیام کے سلسلےمیں قائداعظم کی والہانہ قیادت اور انتھک جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔
محمود خان نےکہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کو قائداعظم کے وژن کے عین مطابق صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے مصروف عمل ہے۔ موجودہ حکومت ملک کو بانیان پاکستان کے وژن کے مطابق ایک صحیح اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے پر عزم ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
