
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو افغانستان کو مشکلات سے نکالنے کے لئے کوششیں کرنا ہوں گی۔
چوہدری فواد حسین سے ملائیشیا کے وزیر خارجہ سیف الدین عبد اللہ کی اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، ملاقات کے دوران افغانستان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحال اسی طرح خراب ہوتی رہی تو وہاں بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے، افغانستان کی بڑی آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، عالمی برادری کو افغانستان کو مشکلات سے نکالنے کے لئے کوششیں کرنا ہوں گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ افغانستان کی مدد کے لئے دنیا کو آگے آنا ہوگا، دونوں ممالک کے درمیان میڈیا روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں بشمول میڈیا وفود کے تبادلوں سمیت ڈرامہ اور فلم کے شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا مزید کہنا تھا کہ فلم اور ڈرامہ کی صنعت میں بھی دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں، پاکستانی ڈراموں نے دیگر زبانوں میں ترجمہ کے ساتھ اپنا ایک مقام بنایا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی ڈراموں کو ملائیشیا کے عوام کو بھی پیش کیا جا سکے۔
ملائیشیا کے وزیر خارجہ نے افغانستان میں امن و استحکام بالخصوص افغان عوام کی مشکل وقت میں مدد کرنے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
ملائیشین وزیر خارجہ سیف الدین عبد اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلامی ممالک کی تنظیم کا اہم رکن اور مسلم امہ میں ایک اہم مقام رکھتا ہے، او آئی سی کانفرنس کے انعقاد کیلئے پاکستان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
سیف الدین عبد اللہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ میڈیا، فلم اور ڈرامہ انڈسٹری میں تعاون کو فروغ دیں گے۔
واضح رہے کہ ملاقات میں وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News