
بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوگئے۔
جنرل بپن راوت کی موت نے جہاں بھارتی فوج کو دھچکا پہنچایا وہیں اس واقعے نے وزیراعظم نریندرا مودی کے جارح اور توسیع پسندانہ نظریات کو عملی جامہ پہنانے کے لائحہ عمل کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔
جنرل بپن راوت یکم جنوری 2017 سے 31 دسمبر 2017 تک بھارتی فوج کے سربراہ رہے، بھارتی فوج کے سربراہ کی حیثیت سے ان کے دور میں مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی نئی داستانیں رقم ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں؛بھارتی چیف آف ڈیفنس جنرل بپن راوت ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک
ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کی توسیع پسندانہ اور پاکستان مخالف پالیسی کو عملی جامہ پہنانے والے 2 افراد ہیں جن میں بپن راوت سرفہرست تھے اور مودی نے ہی بپن راوت کو آرمی چیف مقرر کیا تھا جب کہ دوسرے شخص قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول ہیں۔
بپن راوت کو مودی کی سوچ کے اس قدر قریب سمجھا جاتا تھا کہ انہیں ان کی ریٹائرمنٹ کی مدت سے صرف ایک روز پہلے ہی چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کردیا گیا اور یہ عہدہ جنرل بپن راوت کے لئے خاص طور پر تخلیق کیا گیا تھا۔
قواعد کے مطابق ان کی ذمہ داری صرف تینوں مسلح افواج کے سربراہان سے دفاعی معاملات پر صلاح ومشورے کرنا اور وزارت دفاع کو اپنی رائے دینا تھا لیکن بھارت کے ہر جارح منصوبے کے ڈانڈے بپن راوت سے ہی ملتے ہیں۔
اس کے علاوہ بھارتی آئین میں مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت سے متعلق قانون کو ختم کئے جانے کے بعد وہاں تحریک کو دبانے کی حکمت عملی بھی بپن راوت ہی کی تھی۔ بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں کو انسانی ڈھال بنانے کے پے درپے واقعات ان ہی کے دور میں ہوئے۔
فروری 2019 میں پلواما میں 44 بھارتی فوجیوں کی خودکش حملے میں ہلاکت کو آج بھی متنازع ہی تصور کیا جاتا ہے لیکن اسی بنیاد پر بھارت نے ناصرف جھوٹے سرجیکل اسٹرائیک کا ہوا کھڑا کیا بلکہ پاک فوج اور فضائیہ کے ہاتھوں ذلت آمیز رسوائی بھی سمیٹی، ان تمام واقعات کے پیچھے اجیت ڈوول اور بپن راوت ہی کارفرما نظر آتے ہیں۔
بپن راوت نے مودی کی قربت کا غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے ماضی میں اپنے عہدے کے تقدس کا بھی خیال نہ رکھا اور شہریت کے متنازع ترین قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
بپن راوت کی حادثے میں ہلاکت سے مودی کا پڑوسی ممالک کو نقصان پہنچانے کے عزائم بھی خاک میں مل گئے لیکن ضرورت اس امر کی ہے بھارت میں لوگ مودی کے اصل چہرے کو پہچانیں تاکہ ناصرف ان کا ملک بڑھتی ہندو انتہا پسندی سے پاک ہو اور بھارت کے پڑوسی بھی توسیع پسندانہ سوچ سے چھٹکارہ پاسکیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News