میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ آپﷺ کی سیرت پر عمل پیرا ہوکر زندگیوں میں ٹھہراؤ لایا جا سکتا ہے۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے الحمراء ہال میں قومی احتساب بیورو لاہور کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی شاندار تقریبات کے انعقاد پر نیب اور اس کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آپﷺ کی سیرت پر عمل پیرا ہوکر زندگیوں میں ٹھہراؤ لایا جا سکتا ہے ، دین اسلام نے زندگی گزارنے کے ضابطے واضح کر دیے ہیں ، دینی تعلیمات سے دوری اور بچوں کی صحیح تربیت کے بغیر معاشرے میں ٹھہراؤ نہیں رہتا۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کہا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے ، معاشرے کی اخلاقی پستی کا یہ حال ہے کہ کرپشن میں پکڑے جانے والوں پر منوں پھول نچھاور کیے جاتے ہیں ، کرپشن کا الزام لگے تو شرمندگی کے بجائے فخر محسوس کیا جاتا ہے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ ملک سے خرابیوں کو دور کرنے کے لئے ملکر کام کرنا ہوگا ، معاشرے کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے خود احتسابی ضروری ہے۔
تقریب میں صوبائی وزراء، نیب کے ڈائریکٹرز، طلباء وطالبات، والدین اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ معاشرے میں بد عنوانیوں کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کے حوالے سے نیب ہر سال تقریبات کا انعقاد کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
