
جلالپورپیروالا میں بھی ملک بھر کی طرح 16 دسمبر بلیک ڈے کے طور پر منایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جلالپورپیروالا میں اسکول کے بچوں اور شہریوں نے شمعیں جلا کر شہدائے اے پی ایس سانحہ پشاور کے لیے قرآن خوانی اور دعائیں کیں اور ان شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ دشمن دیکھ لے ہم آج بھی اسی جذبے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
کثیر تعداد میں اسکول کے بچے اور شہری عیدگاہ چوک پر جمع ہوئے اور 16 دسمبر کے شہداء کی یاد میں شمعیں جلائیں جبکہ قرآن خوانی اور دعا بھی کی گئی۔
یاد رہے کہ آج کے دن کو پاکستان میں بلیک ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے، بزدل دشمن نے پشاور میں 16 دسمبر 2014 میں اے پی ایس اسکول پر دہشت گردانہ حملہ کر کے بچوں کو شہید کردیا تھا۔
پوری قوم اس سانحے پر دہل کر رہ گئی تھی اس موقع پر شہریوں اور بچوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کا سیاہ دن ہمیشہ یاد رہے گا اور اس عزم کے ساتھ ہم اسے زندہ رکھیں گے کہ اے دشمن دیکھ ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے ہم آج بھی اس جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
بچوں کا کہنا تھا کہ اپنے ملک و قوم کی خدمت، حفاظت کیلئے ڈٹ کر کھڑے ہیں، اس موقع پر طلباء سانحہ شہدائے پشاور اور پاکستان آرمی کے حق میں نعرے لگائے۔
واضح رہے کہ سانحہ اے پی ایس پشاور کو سات سال بیت گئے مگر اپنے خون سے علم کے دیے جلانے والے دلوں میں وہ سارے معصوم شہید آج بھی زندہ ہیں۔
سانحہ اے پی ایس کا دلخراش واقعہ 16 دسمبر 2014 کو پیش آیا جب صبح طلباء علم کے حصول کے لیے گھر سے اسکول گئے تھے، وہ ابھی اسکول میں علم کی شمع سے روشناس ہو رہے تھے کہ 10 بجے کے درمیان 7 دہشت گرد اسکول کے اندر داخل ہوئے اور معصوم طلباء سمیت پرنسپل اور دیگر افراد کو بے رحمی سے شہید کیا۔
یہ وہ دن تھا جس کا سورج حسین تمناؤں اور دلفریب ارمانوں کے سنگ طلوع ہوا مگر غروب 132 معصوم و بے قصور بچوں کے لہو کے ساتھ ہوا تاہم یہ وہ سانحہ تھا جس نے ہر محب وطن پاکستانی کو دلگیر و اشکبار کیا۔
معصوم بچوں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو افواج پاکستان نے اسی وقت آپریشن کر کے جہنم واصل کردیا جبکہ سہولت کار بعد میں پھانسی پر چڑھ گئے لیکن 16 دسمبر کا وہ دن ملک کی تاریخ کا بھیانک خواب بن کر رہ گیا۔
16 دسمبر 2014 کو اے پی ایس پشاور لہو لہو ہوا تو ملت پاکستان نے بھی رب ذوالجلال کو گواہ بنا کر یہ عہد کر لیا کہ جب تک عرض پاک سے آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہ ہو جائے حق و باطل اور بقا و فنا کی یہ جنگ جاری رہے گی۔
اس المناک سانحے کی آج ساتویں برسی کے موقع پر پشاور میں تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، شہداء کے لیے ریسکیو 1122 ہیڈ کوارٹر میں فاتحہ خوانی کی گئی۔
ملک بھر میں اے پی ایس کے شہدا کی درجہ بلندی کے لئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی بھی کی جارہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ شہدا کی قبروں پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائی جائیں گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News