
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر و سیکرٹری جنرل کو خط لکھ دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خط میں مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تیزی سے ابتر ہوتی صورتحال کو اجاگر کیا۔
خط میں وزیر خارجہ نے بھارت کے اشتعال انگیزیوں، غیر ذمہ دارانہ رویے اور فالس فلیگ آپریشنز کرنے کے بیانیے کو عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا۔
وزیر خارجہ نے جموں و کشمیر تنازعے کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت حل پر زور دیتے ہوئے لکھا کہ قراردادیں اقوام متحدہ کے تحت ایک جمہوری، غیر جانبدارانہ استصواب رائے کی ضمانت دیتی ہیں۔
وزیر خارجہ نے خط میں مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتلِ عام، گرفتاریوں اور غیر قانونی قید کے حالیہ سلسلے کی جانب توجہ دلائی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق مشینری اور بین الاقوامی میڈیا، غیر جانبدار این جی اوز نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر بار بار اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان مظالم میں کشمیری انسانی حقوق کے کارکنان، صحافیوں، سول سوسائٹی اراکین کے خلاف ہراساں کیے جانا اور حملے کرنا شامل ہیں۔
وزیر خارجہ نے معروف کشمیری انسانی حقوق کے کارکن خرم پرویز کی گرفتاری کا خصوصی طور پر زکر کیا، خرم پرویز کو تمام بنیادی انسانی حقوق، قوانین، اقدار اور عالمی قوانین کے منافی گرفتار کیا گیا۔
خط میں کہا گیا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خاتمے، تنازع سے بچاو اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے تعمیری رابطہ کے لیے تیار ہے۔
خط میں کہا گیا کہ اب بھارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 غیر قانونی یکطرفہ اقدامات کو واپس کرتے ہوئے بات چیت کے لیے سازگار ماحول تیار کرے، بھارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے کے عوام کے خلاف انسانی حقوق خلاف ورزیوں اور مقبوضہ کشمیر کی آبادی کے تناسب میں غیر قانونی تبدیلیوں کو روکے۔
وزیر خارجہ کا مکتوب اگست 2019 سے اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اعتماد میں لینے کے لیے رابطوں کا حصہ ہے، تاکہ سلامتی کونسل کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے منصفانہ و پر امن حل کی ذمہ داری یاد کرائی جا سکے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News