وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ بہت جلد ہمارے بچوں کے لئے انصاف اکیڈمی کا آن لائن قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے بطور مہمان خصوصی کوٹل ستیاں راولپنڈی کے اسکول میں منعقدہ اسکالرشپ پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اسکالرشپ تقسیم پروگرام کا انعقاد گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول بگا کوٹلی ستیاں راولپنڈی میں کیا گیا۔
مراد راس نے کہا کہ آج سے پہلے کسی بھی حکومت نے محکمہ تعلیم میں بہتری لانے کی کوشش نہیں کی، کام کرنے کے لئے وسائل کے ساتھ ساتھ صاف نیت بھی درکار ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران محکمہ تعلیم پنجاب میں ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال کی بدولت انقلابی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں، بہت جلد محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کا اپنا ڈیٹا سینٹر مکمل کر لیا جائے گا۔
صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ مثبت اعداد و شمار کے بغیر ٹھوس اور کار آمد فیصلے کرنا ممکن نہیں، بہت جلد ہمارے بچوں کے لئے انصاف اکیڈمی کا آن لائن قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
مراد راس نے کہا کہ گورنمنٹ سیکٹر اسکولوں کی بہتری اولین ترجیح ہے، آج سے ای ٹرانسفر پورٹل پر تمام طرز کے تبادلوں کو اساتذہ کے لئے کھولا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ٹیکنالوجی کے موثر اور جامع استعمال کی بدولت اساتذہ گھر بیٹھے آن لائن پورٹل پر درخواست دے کر تبادلہ کروا سکتے ہیں، ہمارے بچے ہمارا مستقبل ہیں، اساتذہ کی مکمل توجہ ان کی تعلیم و تربیت پر ہونی چاہیے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
