بھارتی ممبر پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ ٹھاکر اپنے متنازع بیانات کے حوالے سے اکثر سرخیوں میں رہتی ہیں۔
اس بار انہوں نے بھارت میں موجود بزرگانِ دین کے مزارات کو ناجائز قبضہ قرار دیدیا ہے۔
انہوں نے بھوپال ایم وی ایم کالج کے پاس واقع قدیم قبرستان اور حضرت امیر الدین شاہ نقشبندی کے قدیم مزار پر سوال اٹھایا تھا، ابھی یہ معاملہ تھما بھی نہیں تھا کہ انہوں نے لاؤڈ اسپیکر سے ہونے والی اذان سے نیند میں خلل پڑنے کا بیان جاری کردیا۔
اب نئے بیان میں انہوں بھوپال وی آئی پی روڈ اور بھوپال کے بڑا تالاب میں واقع قدیم درگاہ کو ناجائز قبضہ سے تعبیر کرتے ہوئے نگر سرکشا سمیتی کی میٹنگ میں افسران کو اس کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مدھیہ پردیش جمیعت علما نے سادھوی پرگیہ کے بیان کو نئے فتنہ سے تعبیر کیا ہے۔
بھوپال رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ کہتی ہیں کہ مجھے ممبر پارلیمنٹ بنے ہوئے دو سے ڈھائی سال ہوگئے ہیں، لیکن افسران بھوپال کی ترقی کے پروجیکٹ پر کام ٹھیک سے نہیں کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کہیں بھی دھرم اور آستھا کے نام پر قبضہ کرلیا جاتا ہے، تالاب کے بیچ میں مزار بن گیا ہے، ہٹتا ہے پھر بن جاتا ہے، ایسا کیوں ہو رہا ہے۔
پرگیا ٹھاکر نے کہا کہ یہ کوئی مذہبی عقیدت کا معاملہ نہیں ہے۔ مذہبی عقیدت کا معاملہ وہاں ہونا چاہئے جہاں استھان ہوتا ہے، لیکن ناجائز طور پر کیوں؟ اس کی کیا ضرورت ہے؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ نہ ہم کسی کی مذہبی عقیدت کو ٹھیس پہنچانا چاہتے ہیں اور نہ ہی ہم کسی نظریہ کو ضرب لگانا چاہتے ہیں۔ لیکن یہ اگر زبردستی کی بات ہے ، تو یہ علاقہ کے لیے بالکل ٹھیک نہیں ہے۔
پرگیا نے کہا کہ ہم دوسروں کو قانون کا درس پڑھائیں اور یہاں پر ایک طبقے کو سامنے رکھ کر ضابطہ کو نظر انداز کریں تو یہ بالکل ٹھیک نہیں ہے۔
دوسری جانب مدھیہ پردیش وقف بورڈ کے سابق رکن و مدھیہ پردیش جمیعت علما کے صدر حاجی محمد ہارون نے سادھوی پرگیہ کے بیان پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
حاجی محمد ہارون کہتے ہیں کہ سادھوی جی اتفاق سے بھوپال کی رکن پارلیمنٹ بن گئیں ہیں، لیکن وہ نہ تو بھوپال کی مشترکہ تہذیب سے واقف ہیں اور نہ ہی بھوپال میں مسلمانوں کی تاریخ اور ان کی قربانیوں سے۔
حاجی ہارون نے کہا کہ سادھوی جی قدیم مزارات اور قبرستانوں کو غیر قانونی اور ناجائز قبضہ سے تعبیر کر رہی ہیں، سب کے ریکارڈ وقف بورڈ میں موجود ہیں۔ یہ قبرستان اور بزرگان دین کے مزارات آج راتوں رات نہیں بنائے گئے ہیں ، بلکہ ان کی تاریخ سیکڑوں سال سے قدیم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سادھوی اپنی سیاست چمکانے کے لیے شر پیدا کر رہی ہیں، جسے کبھی قبول نہیں کیا جا سکتا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
