
چیف سیکریٹری پنجاب کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔
سول سیکریٹریٹ میں چیف سیکرٹری پنجاب نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں، یوریا کھاد کی دستیابی، اسمگلنگ اور غیر قانونی کنڈوں کیخلاف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ اشیاء خورونوش بالخصو ص دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیکرٹری محکمہ خوراک خصوصی مہم کی خود نگرانی کریں گے، نئے اقدامات کے تحت داخلی راستوں پردودھ کی چیکنگ کیلئے پوائنٹس کا قیام اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر عوام کیلئے مفت دودھ ٹیسٹ کروانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فوڈ انڈسٹری کی چیکنگ کیلئے موبائل فوڈ لیبارٹریاں اور بائیک اسکواڈ بھی تشکیل دیئے جائیں گے۔
چیف سیکرٹری نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کی کڑی نگرانی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ چینی کی 90روپے فی کلوگرام ریٹیل قیمت سے زائد پر فروخت کی ہر گزاجازت نہیں، مصنوعی مہنگائی پیدا کر کے صارفین کو لوٹنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ کھاد اور گندم کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کو تسلسل کیساتھ جاری رکھا جائے اور احساس راشن پروگرام کے تحت کریانہ اسٹوروں کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز کیا جائے۔
انہوں نے گنے کے کاشتکاروں کو شوگر ملز کی جانب سے بروقت ادائیگی اور مڈل مینوں کیخلاف کارروائی سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔
تمام ڈویژنل کمشنرز نے اجلاس کو بذریعہ ویڈیو لنک تفصیلی بریفنگ دی۔
خوراک، صنعت، زراعت کے محکموں کے سیکرٹریز، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جب کہ ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News