
موسم
کراچی میں بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی کے علاقے سرجانی یوسف گوٹھ سمیت متعدد علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے موسم میں شہری برقی آلات کے استعمال میں خصوصی احتیاط کریں، بارش اور کھڑے پانی میں پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، ٹی وی انٹرنیٹ کیبلز، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں، غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول اور کنڈے جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں۔
ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور بجلی بند کی جاسکتی ہے، کے الیکٹرک صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور فیلڈ اسٹاف ہائی الرٹ پر ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شکایت کی صورت میں 118 کال سینٹر، 8119 پر ایس ایم ایس یا کے الیکٹرک سوشل میڈیا پلیٹ فورم پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج ایک بار پھر تیز بارش کی پیشگوئی کر دی ہے، کراچی شہر میں آج شام یا رات میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
بارش کا سلسلہ کل صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے، اس دوران گرج چمک کے ساتھ تیز گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا۔
محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا، شہر میں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی ہوائیں چل رہی ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں 1 روز قبل ہونے والی بارش کے بعد شہر کا موسم سرد ترین ہو چکا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News