ترجمان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سانحہ مری کے متاثرین سے ہمدردی کی بجائے ان پر طنز کر رہے ہیں۔
شازیہ مری نے سانحہ مری پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ مری میں جاں بحق افراد کیلئے 8 لاکھ روپے امداد کا اعلان شرمناک ہے، عمران خان نے اپنی اوقات کے مطابق معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مری میں کئی خاندان اجڑ گئے وزیر اعظم نیرو کی طرح بانسری بجاتے رہے، قوم کو چندے پر پلنے والے وزیر اعظم عمران خان سے یہ ہی توقع تھی۔
ترجمان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سانحہ مری کے متاثرین سے ہمدردی کی بجائے ان پر طنز کر رہے ہیں، شہری برف میں زندہ دفن ہوتے رہے اور جوکر وزیر گاڑیاں گنتے رہے۔
واضح رہے کہ مری میں گزشتہ روز برف کا طوفان آیا تھا، جس میں ہزاروں گاڑیاں پھنس گئی تھیں، برفباری کے باعث مختلف گاڑیوں میں 21 افراد دم گھٹ کر جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ پاک فوج کے دستے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
مری اور گلیات میں گزشتہ چند روز سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز عوام کی بڑی تعداد برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لئے پہنچی تھی۔
شدید برفباری میں ٹریفک جام ہونے کے بعد بڑی تعداد اپنی گاڑیوں میں ہی محصور ہوکر رہ گئی تھی۔ ان ہی میں وہ بدقسمت افراد بھی شامل تھے جو اپنی گاڑیوں میں دم گھٹنے سے زندگی کی بازی ہار گئے۔
مری میں اس وقت ایمرجنسی رضاکاروں اور امدادی کارکنوں کے علاوہ کسی کے بھی داخلے پر پابندی ہے۔ پاک فوج کے دستے انتظامیہ کے ساتھ کر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والوں میں کری روڈ کے رہائشی شہزاد اسماعیل، اہلیہ و چار بچوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
جاں بحق ہونے والوں میں گھر کا سربراہ 46 سالہ شہزاد اسماعیل ، 35 سالہ صائمہ شہزاد، 10 سالہ سمیع الله شہزاد، 8 سالہ حبیب الله شہزاد، 7 سالہ عائشہ شہزاد اور 5 سالہ اقرا شہزاد شامل ہیں۔
نماز جنازہ میں سیاسی سماجی شخصیات، عزیز اقارب و اہلیان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
