 
                                                      پی ایس ایل 7: میچزکے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان مرتبKarachi will host the PSL final on March 25, while Lahore will host two play-off games on March 20 and 21. / AFP PHOTO / ASIF HASSAN
کراچی: کل سے شروع ہونے والے پی ایس ایل7 میچز کے سلسلے میں سیکیورٹی ڈویژن کی جانب سے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہونے والے پی یس ایل میچز کے لیے مجموعی طور پر 5 پزار 650 اہلکار سیکیورٹی پرمامور کیے جائیں گے۔
ایس ایس یو کے 1200 کمانڈوز سمیت سیکیورٹی ڈویژن کے 1700، ٹریفک پولیس کے 1500، اسپیشل برانچ کے 500، ریپڈ رسپانس فورس کے 250 اہلکارتعینات ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا ترانہ ریلیز کردیا گیا
سندھ رینجرزکے جوان اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار نیشنل اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پریکٹس گراؤنڈز، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف جگہوں پر ڈیوٹی سر انجام دیں گے جبکہ ماہر نشانہ باز بھی اہم تنصیبات پر تعینات کیے جائیں گے۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پرتعینات کی جائے گی جبکہ ٹیموں کی نقل وحرکت کے دوران فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔
مزید برآں جدید تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوزبشمول لیڈی کمانڈوز پرمشتمل اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس ٹیم (ایس ڈبلیو اے ٹی) کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں الرٹ رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 7 میں شامل غیرملکی کھلاڑی پرجوش
عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے سرشاہ سلیمان روڈ کے ایک ٹریک کے علاوہ تمام سڑکیں اور شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ شائقین کو شٹل بس سروس کے ذریعے پارکنگ پوائنٹس سے اسٹیڈیم تک لایا جائے گا۔
کرکٹ شائقین کی رہنمائی کے لیے ٹریک سوٹ میں ملبوس ایس ایس یوکمانڈوز پارکنگ پوائنٹس سے انکلوژر تک ان کی رہنمائی کریں گے۔
نیشنل اسٹیڈیم آنے والے کرکٹ شائقین کے لیے دو پارکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں جن میں پہلا حکیم سعید گراؤنڈ (یونیورسٹی روڈ) نزد بیت المکرم مسجد جبکہ دوسرا وی آئی پیز کے لیے چائنہ گراؤنڈ، متصل نیشنل کوچنگ سینٹر ہے۔
اسٹیڈیم کے احاطے میں سی این جی سلینڈر نصب گاڑیوں کے داخلے پر سخت پابندی ہے جبکہ کرکٹ شائقین کے لیے خصوصی ہدایات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 7 کی پلیئنگ کنڈیشنز میں ترامیم
شائقین کو اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے قومی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ لازمی رکھنا ہے جبکہ لمبی قطاروں میں انتظار سے بچنے کے لیے اسٹیڈیم میں وقت سے پہلے پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بارہ سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے کووڈ 19 ویکسینیشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے اور اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل شائقین کو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہو گا جبکہ اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہوگا۔
این سی او سی کے منظور کردہ ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا۔
کوئی بھی آتشی اسلحہ، کھلونا بندوقیں، دھماکہ خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس، لائٹر، کوئی بھی تیز دھار مواد جیسے چاقو اور دھات یا لکڑی اسٹیڈیم کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
کسی بھی بینر، پوسٹر یا پلے کارڈ جس پر مذہب یا نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک یا فحش باتیں درج ہوں کی سختی سے ممانعت ہے جبکہ شائقین کوگراؤنڈ، فنکاروں اور ساتھی تماشائیوں پر کسی قسم کی چیز پھینکنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 