 
                                                                              پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک آئی ایم ایف کو گروی رکھ دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ عوام کو اسی مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے ہے، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے حکومت سے نجات ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام 27 فروری کو اسلام آباد کیلئے نکلیں گے اور عمران خان سے حساب لیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کے فیصلے بیرون ملک میں ہورہے ہیں، پیٹرول مہنگا، بجلی مہنگی، گیس مہنگی، عوام کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات عوام پر پڑیں گے، عمران خان نے ملک آئی ایم ایف کو گروی رکھ دیا ہے.
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیب پر ڈاکا ہے.
یاد رہے حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں مزید 3 روپے اضافے کا اعلان کردیا ہے
حکومت نے ایک بار پھر عوام پر پیٹرول بم گرادیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے اور 1 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 147 روپے اور83 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے اضافہ کیا گیا ہے، نئی قیمت 114 روپے 62 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 33 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، نئی قیمت 114 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
مٹی کا تیل 3 روپے مہنگا کردیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 116 روپے اور48 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق قیتموں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگیا۔
وزارت خزانہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اوگرا نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 52 پیسے اضافہ کی سفارش کی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر کی قیمت 6 روپے 19 پیسے اضافہ کی سفارش کی تھی۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر اعظم نے عالمی مارکیٹ میں اضافہ کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا، سیلز ٹیکس کی کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا گیا۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ سیلز ٹیکس کی کمی کی وجہ سے 2.6 ارب روپے کے ریونیو کا نقصان ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 