بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور بحریہ کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا کہ آپریشنز کے دوران پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیاروں نے 77,860 پاؤنڈ سے زائد امدادی سامان سیلاب سے متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جن کا زمینی رابطہ شدید بارشوں اور حالیہ سیلاب کے باعث منقطع ہو گیا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ ہوائی جہاز کے ذریعے لے جانے والے امدادی سامان میں راشن، خیمے، کھانے پینے کی اشیاء، ادویات، پینے کا پانی، کمبل اور ضروری مشینری شامل ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ ملک بھر اور بالخصوص سیلاب زدہ علاقوں میں موسمی حالات کے باوجود پاک فضائیہ کے پائلٹ اس مشکل وقت میں قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پی اے ایف کے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے حصہ لیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ نے آرمی ایوی ایشن اور پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹروں کے بیڑے کے ساتھ سیلاب زدہ علاقوں میں اپنے ہیلی کاپٹر بھی تعینات کیے ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کی طرف سے نتھیا گلی کے قریب کالاباغ میں کرائسس منیجمنٹ سیل قائم کر دیا گیا ہے، پی اے ایف بیس کالاباغ کے گرد و نواح میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو و اعانت کا کام جاری ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ اگر کسی کا کوئی عزیز یا دوست اس علاقے میں پھنسا ہو تو پی اے ایف کو فون پر اطلاع دے، رابطہ نمبر جاری کردیئے گئے۔
0323-9418252
0321-8838444
پی اے ایف بیس کالاباغ پر طبی سہولیات کے علاوہ کھانا اور شیلٹر فراہم کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
