وفاقی وزیر تعلیم و صدر تحریک انصاف پنجاب شفقت محمود نے کہا ہے کہ خواجہ آصف عوام کے ہاں مقبولیت حاصل کرنے کیلئے سستی بیان بازی کی بجائے اپنی منفی سیاست پر نظرِثانی کریں۔
خواجہ آصف کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف نے شدید ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ مری سانحے پر منفی بیان بازی پست سیاست اور موقع پرستی کی بدترین مثال ہے، قیمتی جانوں کے ضیاع پر پوری قوم سوگوار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے انتھک محنت اور بھرپور ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن سے صورتحال کی سنگینی پر قابو پایا، الحمد اللہ رستے کھولے جاچکے ہیں اور سینکڑوں قیمتی جانیں محفوظ بنائی جاچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف عوام کے ہاں مقبولیت حاصل کرنے کیلئے سستی بیان بازی کی بجائے اپنی منفی سیاست پر نظرِثانی کریں، نواز شریف کو سوچے سمجھے منصوبے پر نہیں قومی خزانے کی چوری پکڑے جانے پر نکالا گیا۔
شفقت محمود نے کہا کہ خواجہ آصف چاہتے ہیں تو ان کی سہولت کیلئے سپریم کورٹ اور احتساب عدالت کے فیصلوں کی نقول بھجوانے کو تیار ہیں، انتخابات نہیں ہمیشہ این آر اوز نے خواجہ آصف اور انکی جماعت کی سیاست کو آکسیجن فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ خواجہ صاحب کی جماعت کو این آر او دستیاب نہیں، ڈیل اور ڈھیل کے حوالے سے نون لیگ کا مضحکہ خیز بیانیہ بھی ردی کی ٹوکری کی نذر ہو چکا، ماضی میں دھاندلی خواجہ صاحب اور ان کی جماعت کی سیاسی بقاء کا وسیلہ بنی۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تحریک انصاف کی حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کے ذریعے دھاندلی کے دروازے بند کر رہی ہے، تحریک انصاف ہی وفاقِ پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ قوم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل یکسو اور مطمئن ہے، اقاموں اور ڈراموں کا دورِ سیاست ماضی کی گھاٹیوں میں بھٹک رہا ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم و صدر تحریک انصاف پنجاب شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ قوم تبدیلی کی جانب گامزن جلد منزل سے ہمکنار ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا سیالکوٹ میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت کے اپنے سپورٹر اور ووٹر بھی ناکامی کا اعتراف کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ الیکشن سے قبل تنظیم سازی کا عمل مکمل کر لیا جائے گے، حکومت کسی وقت بھی جا سکتی ہے، موجودہ حکومت جو تبدیلی لے کر آئے ہیں وہ خرابی کی تبدیلی ہے، مری میں جو افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے اس سے زیادہ کیا المناک واقع ہو سکتا ہے؟َ
خواجہ آصف نے کہا تھا کہ لوگ گاڑیوں میں بیٹھے زندگی کی بازی ہار گئے کوئی بچانے والا نہیں تھا اور وزیر اعظم کہتے ہیں عوام موسم کے حالات کو دیکھ کر کیوں نہیں گئے۔
لیگی رہنما نے کہا تھا کہ حکومت ریاست مدینہ کی باتیں کرتی ہے، ظلم کے اوپر ایک حکمرانی کی بنیاد رکھی گئی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہٹایا گیا، میاں نواز شریف کی بیٹی اور ان کے بھتیجے کو قید کیا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
