شاہ محمود قریشی نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوگیا ہے، وہ امید کرتے ہیں کہ اس بات چیت کا نتیجہ بھی اچھا ہی نکلے گا۔
وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ کرپشن سیاسی، معاشی، سماجی، ثقافتی اور ترقی کے حق سمیت تمام انسانی حقوق کو شرمندہ تعبیرکرنے کی راہ میں ایک بہت بڑی رکاوٹ ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے خود مختار مستقل انسانی حقوق کمشن کے ساتویں بین الاقوامی سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں وزیراعظم عمران خان نے ’کرپشن سے پاک‘ پاکستان کا وژن دیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں کرپشن کے خلاف جنگ اور تمام انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
انھوں نے کہا کہ کرپشن اچھی حکمرانی اور جمہوریت کی جڑوں پر ضرب لگاتی ہے۔ کرپشن ریاستی اداروں پرعوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہے، قانون کی حکمرانی پراثرانداز ہوتی ہے۔ کرپشن خاص طور پرغریب اور محروم طبقات کے لیے مواقع کی راہیں کم کرتی ہے۔
وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ کرپشن کے نتیجے میں ترقی پزیر ممالک سے ناجائز دولت بڑی مقدار میں بیرون ملک چلی جاتی ہے۔ منظم لوٹ مار اور ناجائز اثاثوں کی غیر قانونی منتقلی کے ترقی پزیر اقوام پر بے پناہ منفی اثرات ونتائج ہوئے ہیں۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ عوامی خزانے سے لوٹی گئی اس دولت سے ترقی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا تھا، عوام کوغربت سے چھٹکارا، بچوں کو تعلیم، خاندانوں کو ضروری ادویات فراہم کرنے کے علاوہ ہرروز موت کے منہ میں جاتے ہزاروں افراد کوبچانا اور زخمیوں کا علاج ممکن ہوسکتا تھا۔
انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کورونا عالمی وبا نے موجودہ عدم مساوات کی خلیج کو مزید بڑھا دیا اورلاکھوں لوگوں کو بد ترین غربت میں دھکیل دیا ہے۔ لاکھوں لوگ کورونا کے نتیجے میں روزگار سے محروم ہوچکے ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ قومی اور عالمی سطح پرکرپشن کے خلاف فوری اور بھرپور کارروائی کی ضرورت ہے تاکہ ترقی پزیر ممالک کا بہتا لہو بند ہوسکے۔ کرپشن کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن کو منظور ہوئے 15 سال گزر چکے ہیں۔ یہ کنونشن اس وقت انسداد رشوت ستانی کا واحد عالمی قانون ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انسداد رشوت ستانی پراقوام متحدہ کے اس کنونشن کی واضح شقوں کے باوجود بدقسمتی سے لوٹی گئی دولت اور اثاثہ جات کی برآمدگی اور ان کی متعلقہ ممالک کو تیز رفتار واپسی کے عمل میں بڑھتی رکاوٹیں حائل ہیں۔
انھوں نے کہا کہ جن ممالک میں لوٹی گئی دولت رکھی گئی ہے، وہ ممالک برآمد ہونے والے اثاثے شرائط کے بغیر ان ممالک کو واپس لوٹائیں جہاں سے یہ دولت لوٹی گئی ہے۔
وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ اسلام ایسا نظام ہے جو ہمیں انسانی زندگی کے ہر پہلو پر رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اسلامی نکتہ نگاہ سے بدعنوانی کے خلاف جنگ کی بنیاد ہمیں قرآن پاک اور رسول کریم کی تعلیمات سے میسرآتی ہیں۔ ہم نے احتساب ، شفافیت اور ساکھ کا حامل مضبوط نظام بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے موجودہ قانون کو بہتر بنایا ہے۔ شہریوں کو اطلاعات رسائی کے حق کی فراہمی سے سرکاری شعبے میں شفافیت لائے ہیں۔ پاکستان سٹیزن پورٹل ایپ نے خدمات عامہ بڑھانے میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے عالمی قبولیت عام حاصل کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’او آئی سی‘ ممالک کو ایسے تخلیقی خیالات اور اقدامات کو تلاش کرنا ہوگا جن سے کرپشن سے بچاﺅ اور اس کے ارتکاب پر سزا سے استثنٰی کے خاتمے کا موجودہ عالمی فریم ورک مزید توانا ہو۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ آج کا سیمینار ہم سب کے لیے ایک موقع ہے کہ ہم ایسے خیالات تلاش کریں اور انہیں مزید بہتر بنائیں۔ ہم انتہائی مسرت کے ساتھ اس اہم اجلاس کے اسلام آباد میں انعقاد کی میزبانی کررہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی ممالک کے اندرکرپشن اور لوٹے جانے والے اثاثہ جات کے مسئلے پر باہمی قانونی مدد کے لیے او آئی سی کا پروٹوکول اورعمل درآمد کا طریقہ کار وضع کیاجائے۔ اقوام متحدہ کی چھتری تلے شفاف اور اجتماعی نظام تیار کیاجائے جو ناجائز دولت کے بہاﺅ اور لوٹے گئے اثاثوں کی واپسی کی نگرانی کے عالمی قانونی فریم ورک کو تقویت دے۔
انھوں نے مذید کہا کہ کرپشن کی بنیاد پر حاصل ہونے والے عدم مساوات پر مبنی سرمایہ کارانہ معاہدات پر نظرثانی اور ان کی ازسرنوتشکیل کی جائے۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے پاکستان کا عزم اور عہد واضح اور مضبوط ہے۔ 2030 ایجنڈے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے کرپشن کے خلاف ہماری جنگ لازم ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
