
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ نواز شریف پکنک پر نہیں ہیں جو مرضی سے آئیں وہ عدالتی بھگوڑے ہیں۔
فرخ حبیب نے رانا ثناء اللہ کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے پاس بہت سے ہیرے ہیں، کوئی ایفی ڈرین سمگل کرتا ہے تو کوئی منشیات سمگلنگ میں رنگے ہاتھوں پکڑا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں دو گروپس کھل کر سامنے آچکے، ایک دن شبہاز شریف اور دوسرے دن مریم گروپ میڈیا پر آکے اپنا رونا روتا ہے، رانا ثناء اللہ بتائیں 3کروڑ روپے ن لیگ کو دینے والے بھون داس کون ہیں
وزیر مملکت نے کہا کہ عوام نے 2018 کے الیکشن میں ہمیں مینڈیٹ دیا ہے،اپنی مدت پوری کریں گے، ن لیگی آلہ کار اکبر ایس بابر کے فارن فنڈنگ کیس کو سکروٹنی کمیٹی نے ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کے منہ سے اداروں کی حدود کی بات زیب نہیں دیتی جو اداروں پر حملہ آور ہوتے رہے ہو، پی پی آئی واحد جماعت ہے جس نے الیکشن کمیشن کو 40ہزار ڈونرز کا مکمل ریکارڈ فراہم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ پارٹی اکاؤنٹس میں مشتبہ ٹرانزیکشنز ثابت ہوچکیں ہیں،ن لیگ کے پاس 62 کروڑ کا کوئی حساب نہیں ہے، ن لیگ کے 9 خفیہ بینک اکاؤنٹس سامنے آچکے ہیں، پی ٹی آئی وہ پہلی سیاسی جماعت ہے جس نے پولٹیکل فنڈریزنگ کی رویت متعارف کرائی ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ نواز شریف پکنک پر نہیں ہیں جو مرضی سے آئیں، عدالتی بھگوڑے ہیں، عدالت سے جھوٹ بول کر لندن میں نواز شریف عیاشیاں کر رہا ہے۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ رانا ثناء نوکری پکی کرنے کے لئے مریم نواز، پرویز رشید ویڈیو لیک پر بھی ڈھٹائی سے دفاع کر رہے ہیں، انہیں شرم بھی محسوس نہیں ہوتی۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی کرپشن اورغبن پوری دنیا کے سامنےعیاں ہوگئی۔
انہوں نے کہا تھا کہ نواز شریف ہی ن لیگ کے وزیر اعظم ہوں گے، نواز شریف چوتھی مرتبہ بھی وزیر اعظم بنیں گے، شہباز شریف کی پنڈی میں کسی سے ملاقات نہیں ہوئی، شہباز شریف نے پارلیمانی ارکان سے ملاقاتیں کی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف چاہتے ہیں ادارے اپنی حدود میں کام کریں، ٹکراؤ نہ ہو، نواز شریف جب چاہیں آسکتے ہیں، انہیں کوئی نہیں روک سکتا، ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کی تائید اور شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا تھا کہ نواز شریف کسی قسم کی ڈیل کا حصہ بننے کو تیار نہیں، نواز شریف متعدد بار شفاف الیکشن کی جدوجہد کا کہہ چکے، حکومت نے مریم نواز کی آڈیو کئی روز سے اپنے پاس رکھی ہوئی تھی، مریم نواز کی آڈیو اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ والے دن چلائی گئی، مریم نواز نے ایسا کوئی لفظ ادا نہیں کیا جس پر اعتراض کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پرویز رشید انتہائی شریف اور کسی کا دل نہ دکھانے والے آدمی ہیں، وائس ریکارڈنگ لیک ہونے پر کارروائی ہونی چاہیے، 2 افراد کی ذاتی بات پروائس ریکارڈ کرنا جرم ہے، مریم نواز کی وائس حکومت نے ریکارڈ کی۔
مسلم لیگی رہنما نے کہا تھا کہ بھاری پتھر ہٹانے کیلئے کوئی غلطی کی تلافی کرے تو اس میں کوئی حرج نہیں، نااہل ٹولے کو مسلط کرنے والوں کو بھی اب احساس ہونا چاہیے، اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان چور ثابت ہوئے، وقت آگیا گریبان سے پکڑ کر گھسیٹ کر وزیر اعظم ہاؤس سے نکالیں، اب عمران خان کا گریبان اورعوام کا ہاتھ ہوگا۔
رہنما ن لیگ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر کہتے تھے تلاشی لینی چاہیے ،عمران خان کو چندہ دینے والے لوگ ہی ان کی حکومت کے بینیفشری ہیں، ان کی اے ٹ ایمز نے عوام کو لوٹا، ان کی جیبوں سے پیسا نکالا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کہتے تھے عمران خان غیرملکی ایجنڈے پر ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News