
دنیا بھر کو گلوبل ولیج میں بدل دینے والی ٹیکنالوجی انٹرنیٹ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ ساتھ جدت آتی جا رہی ہے۔ وائی فائی کی ایجاد نے تو گویا دنیا کا نقشہ ہی بدل دیا اور اب وائی فائی ہماری روزمرہ کی زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے۔
آپ کسی کے گھر مہمان جائیں یا کوئی مہمان آپ کے گھر آئے تو اس کا آپ سے پہلا سوال یہی ہوتا ہے کہ ’ وائی فائی کا پاس ورڈ کیا ہے؟‘
وائی فائ کی اسی بڑھتی ہوئی طلب کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹیکنالوجی کمپنیاں اپنی پراڈکٹ اور سروسز میں وائی فائی 7 شامل کرنے پر پہلے ہی کام کر رہی ہیں۔
اس وقت دنیا بھر میں وائی فائی 6 اسٹینڈرڈ کام کر رہا ہے لیکن ٹیک کمپنیاں وائی فائی کے ذریعے ڈیٹا ٹرانسمیشن کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لیے ایک نئے معیار پر کام کر رہی ہیں۔ جسے 802.11be کا نام دیا گیا ہے۔
یہ اسٹینڈرڈ ایکسٹریملی ہائی تھرو پُٹ (ای ایچ ٹی) کی بدولت ہائی اسپیڈ ڈیٹا کے ساتھ ایپس کو ریئل ٹائم میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔
اس پراجیکٹ پر کام کرنے والے انسٹیٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرنکس انجینئرز (آئی ای ای ای ) کے گروپ کا کہنا ہے کہ وائی فائی 7 سے ورچوئل ریئلٹی، آگمینٹڈ ریئلٹی ، گیمنگ اور ریموٹ ورکنگ کی خدمات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
اس وقت استعمال ہونے والے وائی فائی 6 کا موجودہ اسٹینڈرڈ بیش تر راؤٹرز میں 9 اعشاریہ 6 گیگابٹس فی سیکنڈ تک ڈیٹا ٹرانسفر کی رفتار کو سپورٹ کرتا ہے۔ جب کہ وائی فائی 6 میں یہ رفتار 3 اعشاریہ 5 جی بی فی سیکنڈ تھی۔ جب کہ وائی فائی 6 اسٹینڈرڈ کی بنیاد پر بننے والا وائی فائی 6ای 6 گیگا ہرٹز اسپیکٹرم کو سپورٹ کرتا ہے۔
اگرچہ آئی ای ای ای گروپ کی جانب سے وائی فائی 7 کے اسٹینڈرڈ کو ابھی تک حتمی شکل نہیں دی گئی ہے تاہم اس کے بارے میں کچھ معلومات منظر عام پر آچکی ہیں۔
وائی فائے 6 اور وائی فائی 7 کے درمیان کیا فرق ہے؟
مسودے کے مطابق وائی فائی 6 میں ڈیٹا ٹرانسفر کی رفتار 9.6 جی بی فی سیکنڈ جب کہ وائی فائی 7 میں 46 جی بی فی سیکنڈ ہوگی۔ چینل بینڈ ودتھ میں وائی فائی 6 کی 160 میگا ہرٹز اور 7 میں یہ 320 میگا ہرٹز تک ہوسکتی ہے۔
وائی فائی 6 میں فل بینڈ ودتھ چینلز کی تعداد 7 اور وائی فائی 7 میں 6 ہوگی جب کہ ڈیٹا ٹرانسمیشن کی رفتار وائی فائی 6 میں 1024 کیو اے ایم ( کوآڈریٹر ایمپلٹیوڈ موڈیولیشن، ٹیلی کمیونیکشن میں میں ڈیٹا منتقلی کے لیے ڈیجیٹیل ماڈیولیشن کی ایک قسم) اور وائے فائی 7 میں 4096 کیو اے ایم تک ہوگی۔
مزید برآں وائی فائی 7 اسٹینڈرڈ 5.925 گیگا ہرٹز اور 7.125 گیگا ہرٹز اسپیکٹرم کے درمیان کام کرے گا۔ جس کامطلب ہے کہ جتنی بلند فریکوئنسی کی بینڈ ودتھ ہوگی تو مختلف ڈیوائسز پر ڈیٹا کی رفتار بھی اتنی ہی تیز ہوگی۔
نظریاتی طور پر وائی فائی 7 کی ڈیٹا منتقلی کی رفتار 46 گیگا بٹ فی سیکنڈ ہے، لیکن حقیقت میں یہ تقریبا 40 جی بی پی ایس کی رفتار فراہم کرے گا۔
تیکنیکی طور یہ سمجھ لیں کہ اس رفتار سے آپ بلیو رے معیار کی 25 جی بی سائز کی فلم کو محض چند سیکنڈ میں ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
چینلز اور بینڈ ودتھ کی تعداد مختلف ڈیوائسز کے درمیان تیزی سے ڈیٹا تبدیل کرنے پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔ اس بات کا بھی تعین کیا جائے گا کہ رفتار پر اثر انداز ہوئے بنا ایک نیٹ ورک پوائٹ پر کتنی ڈیوائسز منسلک ہوسکتی ہے۔
نیکسٹ جنریشن کے اس وائی فائی میں ڈیٹا ٹرانسمیشن کے لیے 16 اینٹینے دیے جائیں گے جن میں سے دو انٹینے ان پٹ( ڈیٹا وصولی) اور دو انٹینے آؤٹ پُٹ ( ڈیٹا منتقلی) کے لیے استعمال ہوں گے۔
وائی فائی 7 کو تجارتی بنیادوں پر کب تک متعارف کرایا جائے گا؟
اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے تاہم کمپیوٹر اور موبائل پروسیسر اور چپ بنانے والی کمپنی میڈیا ٹیک کا کہنا ہےکہ ٹیکنالوجی کمپنیاں وائی فائی 7 سے مطابقت رکھنے والی ڈیوائسز 2023 میں مارکیٹ میں متعارف کرادیں گی، جس سے اس بات کا عندیہ ملتا ہے وائی فائی 7 کو ممکنہ طور پر 2023 سے پہلے متعارف کرادیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News