سانحہ مری کی انکوائری رپورٹ وزیراعلیٰ عثمان بزدارکو پیش کردی گئی ہے اور 15افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیاگیاہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکو سانحہ مری کی انکوائری رپورٹ پیش کردی گئی اور15افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیاگیاہے، ان میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، سی پی او، اے سی مری اوردیگر افسران شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا کہ قوم سے سانحہ کی شفاف انکوائری اورذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا وعدہ پورا کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بتایا کہ انکوائری کمیٹی کی سفارشات میں 15افسروں کو عہدوں سے ہٹا کرکارروائی کی جارہی ہے، کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو عہدے سے ہٹاکر وفاقی حکومت کو بھیج دیاگیا ہے اورانہیں معطل کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو عہدے سے ہٹا کر ان کی خدمات وفاقی حکومت کے سپرد کردی گئی ہیں اور انہیں معطل کرنے اورانضباطی کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اے سی مری کو معطل کر کے انضباطی کارروائی کاحکم دیاگیا ہے، سی پی او راولپنڈی کو عہدے سے ہٹا کر ان کی خدمات وفاقی حکومت کے سپرد کرکے معطل کرنے اورانضباطی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ اے ایس پی مری کو عہدے سے ہٹا کر ان کی خدمات بھی وفاقی حکومت کے سپرد کردی گئی ہے، انہیں معطل کرنے اورانضباطی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سی ٹی او راولپنڈی، ڈی ایس پی ٹریفک، ایس ای ہائی ویز سرکل ٹو راولپنڈی، ایکسین ہائی راولپنڈی، ایکسین ہائی وے میکینکل راولپنڈی، ایس ڈی او ہائی وے میکینکل مری، ڈویژنل فارسٹ آفیسر مری، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مری، انچار ج مری ریسکیو 1122، ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے پنجاب کو بھی معطل کردیاگیا ہے اوران کے خلاف انضباطی کارروائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مری میں ہونے والا سانحہ ہر لحاظ سے افسوسناک اورانتہائی تکلیف دہ ہے، کوئی ذی روح ایسا نہیں جس نے اس حادثے کی شدت کو محسوس نہ کیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہم پوری قوم کے ساتھ سانحہ مری کے متاثرین کے دکھ میں شریک ہیں، یہ بہت بڑا سانحہ ہے جس کی وجوہات اورذمہ داروں کا تعین کر نے کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کی سربراہی میں ہائی لیول انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اس کمیٹی نے بڑی عرق ریزی سے پس پردہ حقائق کا جائزہ لیا اورسانحہ کی رپورٹ مرتب کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں حالات کا جائزہ لینے کیلئے خود بھی وہاں گیا تھا، قوم سے سانحہ کی شفاف انکوائری اورذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیاتھا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میں نے جو وعدہ کیا پورا کیا۔صوبائی وزیر قانون راجہ محمد بشارت اورترجمان پنجاب حکومت حسان خاوربھی اس موقع پرموجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
