تحریک عدم اعتماد
سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ہر مصیبت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔
چوہدری شجاعت حسین نے اوورسیز پاکستانیوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے 1 ارب ڈالر کیلئے اتنی تگ و دو کر رہے ہیں ہمارا اپنا اصلی آئی ایم ایف اوورسیز پاکستانی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے 2021 میں ریکارڈ 33 ارب ڈالر پاکستان کو بھیجے، یورپین ملکوں میں خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کے خلاف نازیبا الفاظ اور خاکوں کے خلاف اوورسیز پاکستانیوں نے بھرپور احتجاج کیا۔
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے اس جذبے کو پاکستان میں بہت سراہا گیا، بطور وزیر اعظم بیرون ملک انتقال کر جانے والے پاکستانیوں کی میتیں پی آئی اے کے ذریعے مفت وطن لانے کا قانون بنایا جس سے ان کی بہت سی مشکلات حل ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو ملاقات میں بتایا تھا کہ میں نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے انشورنس پالیسی شروع کرنے کی کوشش کی تھی لیکن پرائیویٹ انشورنس کمپنیاں اس میں شامل نہیں ہونا چاہتی تھیں۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ یہ بڑی اچھی پالیسی ہے، اگر پرائیویٹ انشورنس کمپنیاں یہ نہیں کرتیں تو حکومت کی اپنی انشورنس کمپنی موجود ہے جو یہ کر سکتی ہے، مجھے امید ہے کہ عمران خان کو میری یہ بات یاد ہوگی۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ آج دنیا بھر میں تقریباً 90 لاکھ پاکستانی ہماری معیشت کا اہم ترین ستون ہیں، یہ لوگ پاکستان کی خدمت اپنی ماں کی طرح کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری ظہور الٰہی شہید نے پاکستانیوں کی بیرون ملک جانے کیلئے رکاوٹیں ختم کیں، ان کی خواہش تھی کہ یہ فاؤنڈیشن فوجی فاؤنڈیشن کی طرز پر کام کرے، او پی ایف آج بھی آپ کی خدمت میں مصروف ہے، سمندر پار پاکستانی ہر مصیبت میں ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔
شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ 2005 کے زلزلے میں قوم کو آپ کی ضرورت پڑی تو آپ نے بہت فراخدلی کا مظاہرہ کیا، میری اپیل پر پاکستان اور دبئی میں ہونے والی فنڈ ریزنگ میں انہوں نے ایک رات میں ہی 36 کروڑ روپے بھجوائے، میں اوورسیز پاکستانیوں کی محبتوں کا مقروض ہوں۔
سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ آپ جہاں بھی رہیں اپنا اسلامی تشخص برقرار رکھیں اور پاکستان کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہ ہونے دیں، جو بھی اس میں ملوث ہو ان کے خلاف کارروائی کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
یاد رہے کہ تقریب میں سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین، حسین الٰہی ایم این اے اور شافع حسین بھی شریک ہوئے۔
تقریب میں امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، اسپین، ناروے، ساؤتھ افریقہ، اٹلی، فرانس، انگلینڈ، ہالینڈ، جرمنی، بلجیم، یو اے ای اور سعودی عرب کے اوورسیز پاکستانی اور مسلم لیگی عہدیدار شریک تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
