پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنما ون آن ون بھی ملے، اسٹیبلشمنٹ سے ملاقاتوں اور رابطوں پر دونوں کا اطمینان کا اظہار کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف نے کہا پیپلز پارٹی کی خواہش ہے کہ لانگ مارچ مل کر کیا جائے، بلاول نے مجھ سے ملاقات میں اس خواہش کا اظہار کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے پی ڈی ایم میں واپسی کے بارے آصف زرداری کا بیان سنا ہوگا، اس لیے جب وہ پی ڈی ایم میں واپس نہیں آنا چاہتے تو ہم کیوں مشترکہ لانگ مارچ کریں، وہ اپنا میلہ سجائیں ہم آپنا مہنگائی اور لانگ مارچ کرینگے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر ان سے آپ تعاون جاری رکھیں باہر کی سیاست اپنی اپنی۔
ملاقات میں ان ہاؤس تبدیلی سے قبل ہوم ورک مکمل کرنے اور اتحادیوں کو حکومت سے توڑنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی ہے جس میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی گئی۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
اس موقع پر مولانا اسعد محمود، مولانا صلاح الدین، انجنیئیر ضیاء الرحمان اور مفتی ابرار احمد بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کامیابی پر مبارک باد دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران منی بل کو ناکام بنانے کے حوالے سے حکمت عملی اور وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران حکومت کے خلاف پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کے لئے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزررہا ہے
ملاقات کے بعد شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو شکست دی، 25 جنوری کے قریب پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس طلب کیا جائے گا، اجلاس میں لانگ مار چ اور ملکی صورتحال پر مشاورت ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزررہا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نے پاکستان کو تباہ کردیا ہے، 74سال میں پی ٹی آئی سے زیادہ کرپٹ حکومت نہیں دیکھی،ایوان میں منی بجٹ کا مقابلہ کریں گے۔
حکومت کے اتحادی ملکی مفاد اور غریب آدمی کا سوچیں
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کو غریب آدمی کا احساس نہیں ہے، منی بجٹ سے مہنگائی کا طوفان اٹھ کھڑا ہوگا ، حکومت کی اتحادی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اب ملکی مفاد اور غریب آدمی کا سوچیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 25 جنوری کو پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوگا، اجلاس میں لانگ مارچ اور دیگر امورپر مشاورت کی جائے گی،لانگ مارچ میں تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر ہوں گی، حکومت کے خلاف لانگ مارچ میں پوری قوم شریک ہوگی اور عوام براہ راست اپنے حق کی جنگ لڑے گی۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے حکومت کے خلاف 23 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کررکھا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
