
دہشتگرد
سیکیورٹی فورسز نے پنجگور میں کلیئرنس آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پنجگور میں حالیہ دہشت گردی کی کارروائی سے جڑے کلیئرنس آپریشن میں مزید 3 دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے عارضی ٹھکانے میں پناہ لے رکھی تھی، ہلاک دہشت گردوں میں دو ہائی ویلیو ٹارگٹ بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو خفیہ معلومات کی بنیاد پر گھیرے میں لیا۔
آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں خفیہ ٹھکانے میں چھپے تینوں دہشت گرد مارے گئے جبکہ آپریشن کے دوران خفیہ ٹھکانے سے اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں دہشت گرد کمانڈر سمیر عرف بہار، الطاف عرف لالک اور پہلان بلوچ شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد ہوشاب میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ ہلاک دہشت گرد بلوچستان بھر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔
واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے گزشتہ شام بلوچستان کے 2 مقامات پنجگور اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملے کی کوشش کی تھی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچاتے ہوئے دونوں حملوں کو کامیابی سے پسپا کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آرکا کہنا تھا کہ پنجگور میں دہشت گردوں نے 2 مقامات سے سیکیورٹی فورسز کے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم فوجی جوانوں کی بروقت جوابی کارروائی نے دہشت گردی کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور 4 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید ہوگیا جب کہ دہشت گرد فرارہوگئے ہیں اور کچھ کی ہلاکتوں کا تعین کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آرکا کہنا تھا کہ نوشکی میں دہشت گردوں نے ایف سی کیمپ میں گھسنے کی کوشش کی جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News