پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آج چوہدری برادران سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان، چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی سے حکومت کا ساتھ چھوڑنے اور وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دینے کی درخواست کریں گے۔
سربراہ جے یو آئی (ف) کی جانب سے مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں کو پی ڈی ایم کے تحریک عدم اعتماد کے فیصلے سے متعلق آگاہ کیا جائے گا جب کہ ملاقات میں پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی سمیت ملکی سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
گذشتہ روز پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس دوران مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور لیگی رہنما بھی موجود تھے۔
شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو پی پی قیادت سے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے تحریک عدم اعتماد پر اتفاق کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پی ڈی ایم کی جانب سے تحریک عدم اعتماد لانے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے اسے جمہوریت کی فتح قرار دیا۔
ادھر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کو تحریک عدم اعتماد لانے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کل تحریک عدم اعتماد لے آئے، انہیں ان کے اپنے اراکینِ اسمبلی ہی سرپرائز دیں گے جب کہ انہیں جلد آٹا، دال کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
