امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کی جانب سے یوکرائن پر حملے کو بلااشتعال اور بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا، اس کے اتحادی اور شراکت دار اس حملے کا ردِعمل متحد ہو کر فیصلہ کن انداز میں دیں گے، دنیا روس کو اس حملے کا جواب دہ ٹھہرائے گی۔
صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ صدر پیوٹن نے پہلے سے منصوبہ بندی کرکے جنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے انسانی جانوں کا ضیاع ہونے کے ساتھ ساتھ انسانی المیہ جنم لے گا۔ پوری دنیا کے لوگوں کی دعائیں یوکرائن کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ اس حملے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی کی ذمہ داری صرف روس پر ہی عائد کی جائے گی۔
صدر بائیڈن کا کہنا ہے کہ وہ آج امریکی عوام سے خطاب کریں گے اور بتائیں گے کہ روس کو اس جارحیت کے باعث کن نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دوسری جانب یوکرائن کے وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا نے روسی جارحیت پر مغربی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر روس پر سخت سے سخت پابندیاں عائد کریں۔

یوکرائن کی پارلیمنٹ نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور اپنے شہریوں کو روس سے نکلنے کی ہدایت دی ہے۔ اس 30 روزہ ایمرجنسی کے تحت یوکرائنی حکام سکیورٹی کے انتظامات بڑھا سکتے ہیں اور کرفیو نافذ کرسکتے ہیں۔
گزشتہ روز امریکا اور برطانیہ کی جانب سے روس کے خلاف مختلف پابندیوں کا اعلان کیے جانے کے بعد یوکرائن کے وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا نے اپنے ٹویٹ پیغام میں مغربی ممالک سے کہا کہ وہ ان کے شکر گزار ہیں اور چاہتے ہیں کہ روس کے صدر پیوٹن پر عالمی دباؤ میں مزید اضافہ کیا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
