
ارسلان تاج نے کہا ہے کہ مرتضی وہاب فوٹو سیشن سے نکل کر کراچی کے لیے کچھ کریں۔
ترجمان پی ٹی آئی سندھ و رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج نے پی پی رہنماء مرتضی وہاب کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں بدترین شکست کے بعد اب مرتضی وہاب کراچی سے اس کا بدلہ لے رہے ہیں، زرداری مافیا ڈریکولا بن کر پورے سندھ کو کھا رہا ہے۔
ارسلان تاج نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کو کچرا کنڈی میں تبدیل کر دیا ہے، کلین کراچی مہم میں ہم نے سندھ حکومت کو ایکسپوز کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اومنی گروپ کے منشی ہیں، انہیں کرپشن کے علاوہ کچھ دکھائی نہیں دیتا، فیک اکاؤنٹ کے پیسوں سے پیپلز پارٹی مارچ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرتضی وہاب آج بھی الیکشن لڑیں تو ایک یوسی نہیں جیت سکتے، کراچی کے پارکوں کے نام پر اربوں روپے ڈکارنے والا اپنے بڑوں کی طرح صرف جھوٹی الزام تراشی ہی کر سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مرتضی وہاب پارکوں کی تصویریں ڈال کر اپنے چیئرمین کو بیوقوف بناتے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بیرسٹر مرتضی وہاب نے آج وفاقی وزیر علی زیدی کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر علی زیدی سندھ کی باشعور عوام کی جانب سے ٹھکرائے جانے کے بعد تلملا اُٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جعلی وزیر، جعلی پیر اور جعلی حکومت کو عوام اچھی طرح جان چکے ہیں، علی زیدی کی حقیقت کچرے کے کروڑوں روپے ڈکارنے سے زیادہ نہیں ہے، کلین کراچی کے نام پر موصوف نے کروڑوں روپے بٹورے۔
ان کا کہنا تھا نااہل نکما سلیکٹڈ وزیر اپنی اوقات بھول بیٹھا ہے، سندھ حکومت اور وزیر اعلی سندھ کے خلاف بات کرنے سے قبل اپنے اور اپنے نااہل سرکار کے کرتوت سامنے رکھے۔
بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ نااہلوں کے ٹولے نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، بدترین مہنگائی، گیس کی قلت اور بجلی کی قیمت سلیکٹڈ سرکار کو ڈبو دیگی، عوام بلاول بھٹو کے ساتھ ہیں عوام کا جم غفیر دیکھ کر نااہل وزیر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب کا مزید کہنا تھا کہ گھوٹکی اور سندھ کے عوام نے پی ٹی آئی کے سلیکٹڈ وزیروں کو مسترد کر دیا، وہ دن دور نہیں جب آپ سے عوام اقتدار چھین لیں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی نے شکار پور میں سندھ حقوق مارچ کے شکرا سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے پورے صوبے کو تباہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ سندھ میں تعلیم کا نظام تباہ ہو گیا ہے، سرکاری اسپتالوں میں تو یہ اپنے جانوروں کا بھی علاج نہیں کرواتے، چوروں سے نجات کا وقت آگیا ہے، سندھ میں اگلی حکومت تحریک انصاف کی ہو گی، ہمیں تیر کو توڑنا ہے سندھ کو جوڑنا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News