
عدالت نے صحافی محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ غیرقانونی قرار دیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو کارروائی کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے ایف آئی اے کی جانب سے صحافی محسن بیگ کی حراست کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ سنادیا جس میں محسن بیگ کے گھر چھاپے کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت کے جج ظفر اقبال نے تحریری حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ایس ایچ او تھانہ مارگلہ ایف آئی اے لاہور کے کسی عہدیدار کو پیش نہیں کرسکے اور نہ ہی اس حوالے سے کسی قسم کا ریکارڈ پیش کیا گیا۔
عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کی ایف آئی آر 9 بجے درج ہوئی اور ساڑھے 9 بجے ایف آئی اے کی ٹیم بغیر کسی سرچ وارنٹ کے محسن بیگ کے گھر چھاپہ مارنے پہنچ گئی۔
سیشن کورٹ کے جج نے ریمارکس دیے کہ ایف آئی اے اور مارگلہ پولیس کی ایف آئی آر سے واضح ہے کہ محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ غیرقانونی تھا جب کہ جن لوگوں کی جانب سے صحافی کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ، ان کے پاس چھاپے کا اختیار نہیں تھا۔
عدالت نے حکم دیا کہ سوا دو بجے تک ایس ایچ او نے ریکارڈ اور غیر قانونی حراست میں رکھے صحافی کو پیش کیا، پولیس محسن بیگ کا بیان ریکارڈ کر کے قانون کے مطابق کارروائی کرے۔
عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو ایس ایچ او کے خلاف کاروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او مارگلہ نے غیر قانونی چھاپہ مارنے والی ٹیم کے خلاف کاروائی کے بجائے خود مقدمہ درج کرکے جعلی پیشہ وارانہ مہارت دکھانے کی کوشش کی۔
بعد ازاں صحافی محسن بیگ کے گھر پر دوبارہ چھاپہ مارا ، چھاپہ ایف آئی اے کی ٹیم کی جانب سے مارا گیا اور اس دوران اسلام آباد پولیس بھی موجود تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسری بار مارے گئے چھاپے کے دوران پورے گھر کی تلاشی لی گئی اور محسن بیگ کی گلی کے باہر پولیس کی نفری تعینات کردی گئی ہے ، شہریوں کو بھی گلی کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی جب کہ چھاپے کے دوران محسن بیگ کے گھر کی بجلی بند کر دی گئی۔
محسن بیگ کے کے بھانجے اور کزن کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس موقع پر محسن بیگ کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ گھر کے اندر ہماری بہنیں ہیں، ہمیں ان سے ملنے دیا جائے تاہم ایف آئی اے اہلکاروں کا کسی کو بھی اندر جانے دینے سے انکار کیا۔
اہلخانہ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے والے ہمارے گھر سے یو ایس بی ایک لیب ٹاپ لے کر گئے ہیں جب کہ ہمارے گھر کے دوملازمین کو بھی ایف آئی اے والے گرفتار کرکے ساتھ لے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ آج صبح ایف آئی اے نے صحافی محسن بیگ کو ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم محسن بیگ کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر گئی، گرفتاری کے دوران ایف آئی اے کی ٹیم کے ساتھ مزاحمت ہوئی اور ملزم نے فائرنگ کی، فائرنگ سے ایف آئی اے کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔
دوسری جانب پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے صحافی محسن بیگ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عدالتی تحقیقات اورانکوائری مکمل ہونے تک محسن بیگ کو رہا کیا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News